ایکواڈور کی جیل میں ہنگامہ آرائی ، 14 ہلاک

   

کوئٹو: 24 ستمبر (یو این آئی) ایکواڈور کی جیل میں ہنگامہ آرائی میں گارڈ سمیت 14 افراد ہلاک اور درجن سے زیادہ زخمی ہو گئے ، کئی پولیس افسران کو اغوا بھی کیا گیا۔ بی بی سی کے مطابق ایکواڈور پولیس کا کہنا ہے کہ مچالا شہر کی ایک جیل میں متحارب گروہوں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 13 قیدی اور ایک جیل محافظ ہلاک جب کہ 14 افراد زخمی ہو گئے ہیں، جن میں دو پولیس افسران بھی شامل ہیں۔ رپورٹس کے مطابق جنوب مغربی شہر مچالا میں واقع جیل کے قریب رہنے والے شہریوں نے پیر کی علی الصبح دھماکوں اور گولیوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی۔ پولیس چیف ولیم کالے نے بتایا کہ اس واقعے کے دوران نامعلوم تعداد میں قیدی فرار ہو گئے تھے ، جن میں سے اب تک 13 کو دوبارہ گرفتار کیا جا چکا ہے ۔ دارالحکومت کیٹو کے پولیس چیف کا کہنا ہے کہ قیدیوں نے جیل کا محافظ قتل کرنے کے علاوہ کئی پولیس افسران کو یرغمال بنا لیا ہے ، صورت حال قابو میں لانے کے لیے اضافی سیکیورٹی فورسز طلب کی گئیں، جن کی قیدیوں سے جھڑپیں ہوئیں۔ اس تصادم میں جیل کا ایک حصہ بھی گر گیا۔