غریب اولیاء طلبہ کو تشویش ، ارباب مجاز تماشائی ، اعلیٰ عہدیداروں کی توجہ ضروری
یلاریڈی ۔31 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے جیتی جانکم پلی اپر پرائمری سرکاری اسکول میں گزشتہ پانچ ماہ سے مڈ ڈے میلس پر عمل آوری نہیں ہورہی ہے ، جس سے اسکول کے تمام طلباء کو گھر جاکر کھانا پینا نصیب ہورہا ہے ۔ علاقہ میں کوئی بھی مڈ ڈے میلس تیار کرنے کیلئے آگے نہ آنے سے اسکیم بند ہے جبکہ اسکول سے جماعت اول تا ہفتم میں 63 طلباء زیرتعلیم ہیں اور اس سال 05اگسٹ کو مڈ ڈے میلس اسکیم کا آغاز کیا گیا تھا جو صرف پانچ دن میں بند کردی گئی اور تقریباً پانچ ماہ سے سرکاری اسکول کے طلباء مڈ ڈے میلس اسکیم کی غذا سے محروم ہیں۔ کچھ طلباء دوپہر کو گھر جاکر کھانا کھاکر واپس آرہے ہیں اور کچھ طلباء اپنا ٹفن ساتھ میں لارہے ہیں ۔ بعض اوقات طلباء کے والدین مکان کو مقفل کرکے زراعت کے کاموں پر جانے سے طلباء دوپہر کے کھانے سے مکمل محروم رہنے کی وجہ سے بھوکے رہ رہے ہیں۔ ذمہ دار عہدیدار اس تعلق سے تماشائی کا رول ادا کرنے پر اولیائے طلباء میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ اعلیٰ عہدیداروں کو اس طرف توجہ مبذول کرکے طلباء کیلئے مڈڈے میلس کا انتظام کرنے طلباء اور اولیائے طلباء مطالبہ کررہے ہیں ۔ صدر معلمہ انو سوجا کا کہنا ہے کہ کئی مرتبہ اولیائے طلباء کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مڈ ڈے میلس کی تیاری سے متعلق بات کی گئی لیکن کوئی بھی مڈ ڈے میلس تیار کرنے کیلئے آگے نہیں آرہے ہیں، اس لئے طلباء کو اسکول میں مڈ ڈے میلس نہیں مل رہاہے اور ان دنوں ہی چاول بھی لائے گئے ہیں ، ہفتہ بھر کے اندر مڈ ڈے میلس اسکیم پر عمل آوری کرنے کی بات کہی ۔ کچھ بھی ہو حکومت کی طلباء کیلئے تشکیل دی گئی اسکیم کو بہرحال عمل میں لاتے رہنا چاہئے تھا لیکن علاقہ کے کوئی بھی افراد اس کام کیلئے دلچسپی نہ لینے سے طلباء کو غذا نہ فراہم کرنا کچھ ٹھیک نہیں ۔ غریب طلباء بھوکے پیٹ تعلیم حاصل کرنے پر مجبور کیا جانا کسی تعجب سے کم نہیں ۔ ضلع کلکٹر و متعلقہ عہدیداروں کو ہوش کے ناخن لینا ہوگا ۔