حیدرآباد /29 نومبر ( سیاست نیوز ) ڈاکٹر پرینکا ریڈی کے قتل کے اندرون 24 گھنٹے ایک اور خاتون کی جھلسی ہوئی نعش مشتبہ حالت میں دستیاب ہوئی ۔ تفصیلات کے مطابق شمس آباد کے سدولہ گٹہ مندر کے قریب 30 تا 35 سال عمر کی ایک خاتون کی جھلسی ہوئی نعش دستیاب ہونے کے بعد پولیس تشویش کا شکار ہوگئی ہے ۔ پوجا میں مصروف بعض افراد نے رات 8.30 بجے ڈائل 100 کو یہ بتایا کہ مندر کے قریب خاتون کی نعش موجود ہے ۔ ڈی سی پی شمس آباد پرکاش ریڈی نے مقام واردات کا معائنہ کیا اور کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ عینی شاہدین نے پولیس کو یہ بتایا کہ ایک خاتون کی جلتی ہوئی نعش سدولہ گٹہ علاقہ میں موجود ہے ۔ جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔