ایک اور ریٹائرڈ آئی پی ایس عہدیدار وی کے سنگھ کی کے سی آر حکومت پر تنقید

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ کرپشن میں ملک میں نمبر ون ، ریاست گیر سطح پر غیر سیاسی تحریک چلانے کا اعلان
حیدرآباد 23 اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں سابق آئی پی ایس عہدیدار پروین کمار کے بعد ایک اور سابق آئی پی ایس عہدیدار نے کے سی آر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ جیل ڈپارٹمنٹ کے سابق ڈائرکٹر جنرل وی کے سنگھ نے الزام عائد کیاکہ کے سی آر کے 7 سالہ دور حکومت میں تلنگانہ کی ترقی برائے نام ہے جبکہ کرپشن اور بدعنوانیوں میں ریاست ملک میں نمبر ون ہے۔ وی کے سنگھ جنھوں نے ملازمت سے رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کرلی، اعلان کیاکہ وہ کے سی آر حکومت کی بدعنوانیوں کو بے نقاب کریں گے اور ضرورت پڑنے پر ریاست بھر میں دورہ کرتے ہوئے عوام کو واقف کرائیں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وی کے سنگھ نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کیلئے کے سی آر نے کچھ نہیں کیا۔ اگر اُنھوں نے کچھ کیا ہے تو وہ یہ کہ کرپشن میں ریاست کو ملک میں نمبر ون مقام پر پہنچادیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کی 7 سالہ ناکامیوں کو سات ماہ میں عوام کو واقف کرائیں گے۔ وی کے سنگھ نے کہاکہ بہت جلد وہ ریاست گیر سطح پر یاترا کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ غیر سرکاری تنظیم جنا سیوا سنگھم کے ذریعہ وہ غیر سیاسی تحریک کا آغاز کریں گے۔ سابق آئی پی ایس عہدیدار پروین کمار کا حوالہ دیتے ہوئے وی کے سنگھ نے کہاکہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے نتیجہ میں بیوروکریٹ کام کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں اور وہ رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کررہے ہیں۔ وی کے سنگھ نے کہاکہ ڈائرکٹر جنرل جیلس کے عہدہ پر فائز رہتے ہوئے بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ جیلوں میں موجود قیدیوں کی اکثریت کا تعلق کمزور اور پسماندہ طبقات سے ہے اور اُن کے جرائم معمولی ہیں۔ پروین کمار کی طرح اُنھوں نے بھی حکومت سے اختلاف کرتے ہوئے رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کرلی۔ R