بدلتے سیاسی حالات میں بی جے پی میں شامل رہنے کے لیے راضی نہیں
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ایک اور سابق وزیر ای پدی ریڈی بی جے پی سے مستعفی ہوگئے ۔ انہوں نے آج اپنا مکتوب استعفیٰ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کو روانہ کردیا ۔ ایک ہفتہ قبل ہی سابق وزیر این نرسمہلو بی جے پی سے مستعفی ہوئے تھے ۔ اس وقت مزید چار بی جے پی قائدین کے استعفیٰ کی بات چل رہی تھی ۔ اس فہرست میں شامل ای پدی ریڈی نے آج اپنا استعفیٰ پیش کردیا وہ سابق میں اسمبلی حلقہ حضور آباد کی نمائندگی کرچکے ہیں اور چندرا بابو نائیڈو کی کابینہ میں بحیثیت وزیر خدمات انجام دے چکے تھے ۔ 2018 کے بعد وہ تلگو دیشم سے مستعفی ہو کر بی جے پی میں شامل ہوئے تھے ۔ انہوں نے ایٹالہ راجندر کی بی جے پی میں شمولیت پر کھلے عام مخالفت کرچکے ہیں اور انہوں نے بی جے پی کی سرگرمیوں سے اپنے آپ کو دور رکھا تھا ۔ وہ حضور آباد سے بی جے پی ٹکٹ کے دعویدار تھے ۔ انہوں نے پارٹی قیادت پر الزام عائد کیا تھا کہ ایٹالہ راجندر کی بی جے پی میں شمولیت سے قبل ان سے کوئی رائے مشورہ نہیں لیا گیا تھا ۔ انہوں نے اپنے مکتوب استعفیٰ میں بتایا کہ ان کا دل بی جے پی میں رہنے کو راضی نہیں ہے ۔ بدلتے ہوئے سیاسی حالات کے لحاظ سے وہ بی جے پی میں رہنا مناسب نہیں سمجھتے ۔ ای پدی ریڈی نے کونسی پارٹی میں شامل ہوں گے ۔ اس کی کوئی وضاحت نہیں کی ہے ۔ لیکن وہ کانگریس اور ٹی آر ایس کے قائدین سے رابطہ میں ہیں ۔۔
