ویلنگٹن ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آخری 6 گیندوں میں 7 رنز درکار تھے اور 7 وکٹیں بھی باقی تھیں اور ٹیم کے سب سے تجربہ کار بیٹسمین راس ٹیلر جنہوں نے ٹیم کے باقی کھلاڑیوں کے مجموعی مقابلوں سے زیادہ مقابلوں میں نیوزی لینڈ ٹیم کی ٹوئنٹی 20 میں نمائندگی کی تھی، وہ وکٹ پر موجود تھے اور ان لمحات میں نیوزی لینڈ کی کامیابی یقینی دکھائی دے رہی تھی لیکن اس اوور میں 6 رنز کے عوض ٹیم نے چار وکٹیں گنوائی اور مقابلہ پھر ایک مرتبہ سوپر اوور میں پہنچا جہاں ہندوستان نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پانچ مقابلوں کی رواں سیریز میں 4-0 کی سبقت حاصل کرلی۔ سوپر اوور میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 13 رنز اسکور کئے اور اس مرتبہ کے ایل راہول کے ساتھ بیٹنگ کیلئے ویراٹ کوہلی پہنچے چونکہ اس مقابلہ میں روہت شرما کو آرام دیا گیا تھا جنہوں نے گذشتہ مقابلہ میں ساوتھی کو متواتر دو چھکے لگاتے ہوئے ٹیم کو سیریز میں تاریخی کامیابی دلوائی تھی۔ اس مرتبہ بھی ساوتھی نشانہ بنے جنہیں راہول اور ویراٹ نے مطلوبہ نشانہ بناتے ہوئے مایوس کیا۔ ہندوستان نے راہول کے آوٹ ہونے کے باوجود مطلوبہ نشانہ پانچ گیندوں میں ہی حاصل کرلیا۔ قبل ازیں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورس میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز اسکور کئے جس میں منیش پانڈے نے 36 گیندوں میں 50 رنز اسکور کئے۔ جوابی اننگز میں مونرو نے 47 گیندوں میں 6 چوکوں اور 3 چھکوں پر مشتمل اپنی نصف سنچری میں 64 اور سیفرٹ نے 39 گیندوں میں 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 57 رنز اسکور کئے تاہم وہ بھی سنسنی خیز لمحات میں ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہ کرسکے۔ شردل ٹھاکر جنہوں نے نیوزی لینڈ کی اننگز میں کامیاب ترین آخری اوور ڈالا اور بیٹنگ میں بھی 20 رنز اسکور کئے جس پر انہیں مین آف دی میچ دیا گیا۔