حیدرآباد: شہر اور تلنگانہ کے دیگر حصوں میں مقامی ٹیلنٹ کو پہچاننے اور نئے کرکٹرز کی تیاری کو یقینی بنانے کی کوشش میں حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (HCA) تلنگانہ پریمیئر لیگ (TPL) کے انعقاد کی تیاری کر رہی ہے۔ ایچ سی اے کی اعلیٰ کونسل نے فروری کے اوائل میں یہ منصوبہ تیار کیا تھا اور اسے عملی جامہ پہنانے کے لیے پہلے ہی اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ ایچ سی اے پریسیڈنٹ ارشناپلی جگن موہن راؤ نے اعلان کیا کہ ایچ سی اے ہر ضلع کو اراضی حاصل کرنے اور اسٹیڈیم بنانے کے منصوبے کے ساتھ ایک کروڑ روپے مختص کرے گی۔ اُپل اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش بھی کی جائے گی جس میں ملٹی لیول پارکنگ سسٹم بنانا بھی شامل ہے۔ ایچ سی اے نے سن رائزرس حیدرآباد (SRH) سے تلنگانہ میں کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے اور تلنگانہ پریمیئر لیگ (ٹی پی ایل) کو عملی شکل دینے میں تعاون طلب کیا ہے۔ حیدرآباد اور تلنگانہ سے ٹیلنٹ کو کھوجنے کے لیے کئے گئے اقدامات پر زور دیتے ہوئے جگن موہن راؤ نے ’Siasat.com‘ کو بتایا کہ ایچ سی اے تلنگانہ پریمیئر لیگ منعقد کرے گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس وقت محمد سراج اور تلک ورما نے بین الاقوامی سطح پر اپنی پہچان بنائی ہے۔ تاہم، حیدرآباد کے کھلاڑی آئی پی ایل میں جگہ حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ اس لیے ہم ’ٹی پی ایل‘ منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ راؤ نے مزید کہا کہ ہندوستان کے سابق پیس بولر وینکٹیش پرساد سمیت نئے کوچز کو اسوسی ایشن نے ایسے 250 کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لیے تیار کیا ہے جو فی الحال HCA میں رجسٹرڈ ہیں۔ اسوسی ایشن نے ٹورنامنٹ کے حوالے سے ٹینڈرز جاری کردیئے ہیں اور 10 کھلاڑیوں نے لیگ میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ صدر ایچ سی اے نے کہا کہ آئی پی ایل 2025 کے فوراً بعد تلنگانہ پریمیئر لیگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ ریاست بھر کے کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کا ایک موقع ہو گا۔