مودی قوم سے آج پھر روبرو ، لاک ڈاؤن میں توسیع یقینی
نئی دہلی ۔13 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام)مرکزی حکومت کو جاریہ تحدیدات میں نرمی لانے کیلئے مسلسل اپیلوں کا سامنا ہورہا ہے جس کے پس منظر میں مضطرب قوم وزیراعظم نریندر مودی کے ایک اور خطاب سے روبرو ہوگی ۔ 21 روزہ جاریہ لاک ڈاؤن کا منگل کو آخری دن ہے اور ایسے ٹھوس اشارے مل رہے ہیں کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش میں مزید دو ہفتے کی ملک گیر توسیع کی جائے گی ۔ یہ فیصلہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں قومی سطح پر 51کورونا اموات سے ضرور متاثر سمجھا جائے گا ۔ ایک دلچسپ مماثلت منگل کی ہے جس دن وزیراعظم نے نومبر 2016 ء میں نوٹ بندی کا رات 8 بجے کے بعد اعلان کیا تھا ۔ اتفاق سے 31 مارچ کو بھی منگل تھا جس رات 8 بجے مودی نے کورونا وائرس کے خلاف جاری لڑائی میں قومی اتحاد کے اظہار کا انوکھا طریقہ قوم کے سامنے پیش کرتے ہوئے اپیل کی کہ اتوار 5 اپریل کو رات 9 بجے 9 منٹ کے لئے دیا جلائیں ، موم بتی جلائیں یا موبائیل فون وغیرہ سے روشنی پھیلائیں۔ تاہم اس منگل کو وقت کی تبدیلی ہے اور رات کی بجائے 10 بجے دن وزیراعظم کا قوم سے خطاب متوقع ہے۔ ایسی توقعات ہیں کہ وزیراعظم مرحلے وار انداز میں معاشی سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے منصوبے پیش کرسکتے ہیں ۔ دوسری طرف لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کرنے والی ریاستوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ آج ٹاملناڈو اور اروناچل پردیش نے باقاعدہ اعلان کردیا جس کے ساتھ یہ اقدام کرنے والی ریاستوں کی تعداد 8 ہوگئی ۔ دیگر ریاستیں اڈیشہ ، پنجاب ، مہاراشٹرا ، تلنگانہ، مغربی بنگال اور کرناٹک ہیں۔ دفتروزیراعظم ( پی ایم او ) نے ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم مودی قوم سے 14 اپریل کو صبح 10 بجے خطاب کریں گے ۔ وزیراعظم کا معلنہ ملک گیر لاک ڈاؤن 25 مارچ سے نافذالعمل ہے جو کووڈ۔19 کے خلاف لڑائی میں عدیم النظیر اقدام ہیں۔ اور یہ منگل کو اختتام پذیر ہورہا ہے ۔ آج کچھ اچھی خبر بھی قوم کے سامنے آئی جب مرکزی وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لوو اگروال نے کہاکہ 15 ریاستوں میں پھیلے 50اضلاع میں 14 روز سے کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں کیا گیا ہے ۔ ان ریاستوں میں مہلک انفیکشن کا پتہ چلانے اور اس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کی کوششیں عملاً کامیاب ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔ چنانچہ یہ ملک کے لئے مثبت تبدیلی ہے ۔ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 51 اموات کے ساتھ کورونا وائرس کے سبب فوت ہونے والوں کی تعداد 324 تک پہنچ گئی اور ملک میں متاثرین 9352 ہوچکے ہیں، جو اتوار کی شام سے 905 کا اضافہ ہے ۔ وزارت نے بتایا کہ ابھی تک 979 افراد کا علاج کرتے ہوئے اُنھیں ڈسچارج کردیا گیا اور ایک ملک سے باہر منتقل ہوا ہے ۔ تاہم مختلف ریاستوں سے موصولہ رپورٹس کی اساس پر پی ٹی آئی کے پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق جملہ 9594 مثبت کیس پائے گئے اور 335 اموات ہوئی ہیں۔