ایک اور نوجوان بیٹر مہاترے کی شاندار اننگز

   

بنگلور: رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف کھیلے گئے میچ میں چنئی سوپرکنگز کے نوجوان اوپنر آیوش مہاترے نے ریکارڈ ساز اننگز کھیلی۔ انہوں نے 48 گیندوں پر94 رنز بنائے، حالانکہ وہ سنچری بنانے سے محروم رہے۔ انہوں نے یہ رنز 195.83 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے جس میں 9 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ یہ آیوش مہاترے کا ڈیبیو سیزن ہے۔ انہوں نے اپنا پہلا آئی پی ایل میچ 17 سال 278 دن کی عمر میں کھیلا۔ وہ چنئی سوپرکنگز کے لیے ڈیبیو کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بھی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ چنئی کے لیے نصف سنچری بنانے والے سب سے کم عمر بیٹر بھی بن گئے ہیں۔ آیوش مہاترے اور ویبھو سوریاونشی انڈر 19 کرکٹ میں ایک ساتھ کھیلتے ہیں۔ گزشتہ سال انڈر19 ایشیا کپ میں ان دونوں کھلاڑیوں نے ہندوستان کے لیے اوپننگ کی ذمہ داری لی تھی۔ ایسے میں ویبھو سوریاونشی نے سوشل میڈیا پرآیوش مہاترے کی اس زبردست اننگزکی تعریف کرتے ہوئے ایک پوسٹ شیئرکی ہے۔ ویبھو سوریاونشی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر آیوش مہاترے کی ایک تصویر شیئرکی اور لکھا، کلاسی۔ اس کا مطلب ہے کہ ویبھو سوریاونشی نے اپنے دوست کی اس اننگزکو شاندار قرار دیا۔ آیوش مہاترے نے اس اننگز کے دوران آر سی بی کے ویبھو سوریاونشی کا بدلہ بھی لے لیا۔ دراصل، ویبھو سوریاونشی آر سی بی کے خلاف زیادہ کچھ نہیں کر سکے۔ وہ 12 گیندوں پر 16 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔وہ تجربہ کار بولر بھونیشورکمارکا شکار بنے لیکن آیوش مہاترے نے بھونیشورکمار کے خلاف سب سے زیادہ جارحانہ بیٹنگ کی۔ انہوں نے بھووی کے ایک اوور میں 26 رنز بنائے جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔