نئی دہلی ۔ کرکٹ میں کئی بار ایک اوور میں 36 رنز بن چکے ہیں۔ لیکن ٹی 20 انٹرنیشنل میں پہلی بار ایک اوور میں 39 رنز بنائے گئے ہیں۔ عالمی کرکٹ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے کھلاڑی کا تعلق ایک ایسے ملک سے ہے جس کی آبادی محض 2 لاکھ سے زائد ہے۔ یہ ساموا کے وکٹ کیپر 28 سالہ ڈیریوس ویسر ہیں جنہوں نے ایک اوور میں 6 چھکے لگائے اور 39 رنز بھی بنائے۔ اس نے یہ کارنامہ آئی سی سی مینزٹی20 ورلڈکپ سب ریجنل ایسٹ۔ ایشیاء پیسیفک کوالیفائر اے میچ میں وانواتو کے خلاف انجام دیا۔ ڈیریوس ویسر نے وانواتوکے بولر نالین نپیکوکو نشانہ بنایا اور ایک اوور میں 39 رنز بنائے۔ 3 نو بالز کے اس اوور میں ڈارئیس نے 6 چھکے لگا کر 39 رنزکی تاریخ لکھی۔ یاد رہے کہ ہندوستان کے یوراج سنگھ نے2007 کے ٹی20 ورلڈکپ میں انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ کے خلاف ایک اوور میں 6 چھکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے تھے لیکن ساموا کے ڈیریوس نے اب 6 چھکوں کی مدد سے 39 رنز بنا کر انہیں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔کیرون پولارڈ نے بھی سال 2021 میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک اوور میں36 اور نکولس پورن اور دیپندر سنگھ ایری نے 2024 میں ایک اوور میں 36 رنز بنائے۔ ساموا کے وکٹ کیپر نے یہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈیریوس ویسرکی اننگز صرف ان بیٹرس کو پیچھے چھوڑکر ختم نہیں ہوئی، اس کے بعد انہوں نے وانواتو کے خلاف میچ میں شاندار سنچری بھی اسکورکی۔ ایسا کرتے ہوئے وہ ٹی20 انٹرنیشنل میں سنچری بنانے والے اپنے ملک کے پہلے بیٹر بھی بن گئے۔ انہوں نے 62 گیندوں پر14 چھکوں کی مدد سے 132 رنز بنائے۔ ڈیریوس ویسر نے62 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 132 رنز بنائے جس میں 14 چھکے شامل تھے۔ 200 سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ پرکھیلی گئی ان کی طاقتور اننگز نے نہ صرف ساموا کو ٹورنمنٹ میں دوسری جیت دلانے میں مدد کی بلکہ 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائی کرنے کی امیدیں بھی زندہ رکھی ہوئی ہیں۔