یونیفارم سول کوڈ دین اور دستور دونوں کے خلاف ہے، اسی لیے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اس کی مخالفت کا فیصلہ کیا ہے اور تمام مسلمانان ہند اور ملک کے انصاف پسند باشندوں سے اس بات کی اپیل کی ہے کہ وہ لاء کمیشن آف انڈیا کو یونیفارم سول کوڈ کی مخالفت میں اپنی رائے بھیجیں، لاء کمیشن آف انڈیا نے جواب بھیجنے کی مدت میں توسیع کی ہے اور اب 28 / جولائی 2023 آخری تاریخ متعین کی گئی ہے، لاء کمیشن آف انڈیا نے اس مرتبہ ای میل کے علاوہ خطوط کے ذریعہ بھی رائے بھیجنے کی بات کہی ہے، اس لیے جو حضرات ای میل نہیں کر سکتے ہیں وہ خطوط کے ذریعہ ضرور جواب بھیجیں، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے لوگوں کی سہولت کے لیے یہ بات طے کی ہے کہ ہر علاقے سے خطوط جمع کر کے بورڈ کے دفتر بھیج دیئے جائیں اور وہاں سے لاء کمیشن آف انڈیا میں خطوط جمع کرا دیے جائیں گے، اس اپیل کے ساتھ خط کا مضمون بھی منسلک کیا جارہا ہے، ہر علاقے سے رائے بھیجنے اور بھیجوانے کا اہتمام کرنا چاہیے اور زیادہ سے زیادہ خطوط اس سلسلے میں بھیجنا مناسب ہوگا۔
ہر علاقے کے علماء ائمہ، سماجی کارکنان اور مختلف تنظیموں سے جڑے ہوئے افراد سے گزارش ہے کہ اس سلسلے میں پوری توجہ دیں، اس بات کا اعادہ بھی مناسب معلوم ہوتا ہے کہ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کا عوامی احتجاج ، شور و ہنگامہ اور بڑے جلسہ جلوس سے اجتناب ضروری ہے، ابھی ہمیں صرف لاء کمیشن آف انڈیا کو جواب بھیجنے کے سلسلے میں توجہ دینی چاہیے۔ مجھے امید ہے کہ اس درخواست پر فوری توجہ دی جائے گی۔
الملتمس:
محمد فضل الرحیم مجددی
جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ

