واشنگٹن : امریکی سیکرٹ سروس نے دو افراد کو گرفتارکیا ہے ان میں سے ایک نے پاکستانی خفیہ ایجنسی سے تعلقات کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ خود کو وفاقی سکیورٹی اہلکار ظاہر کرکے صدر بائیڈن کی حفاظت پر مامور سیکرٹ سروس تک رسائی کی کوشش کررہے تھے۔ یہ بات امریکی استغاثہ نے جمعرات کے روز واشنگٹن کی ایک عدالت کو بتائی۔ امریکی محکمہ انصاف کے معاون وکیل جوشوا روتھ اسٹین نے جج سے استدعا کی کہ 40سالہ آریان طاہر زادہ اور 35سالہ حیدر علی کو رہا نہ کرے۔ ان دونوں افراد کو بدھ کے روز اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ خود کو محکمہ داخلی سکیورٹی کے اہلکار ظاہر کررہے تھے۔ان افراد پر سیکرٹ سروس کے بعض ارکان کو رشوت دینے کی کوشش کا بھی الزام ہے، جن میں ایک رکن امریکی خاتون اول جِل بائیڈن کی سکیورٹی پر مامور تھا۔روتھ اسٹین نے عدالت کو بتایا کہ سن 2019میں امریکی سیکورٹی اہلکاروں سے معلومات اکٹھا کرنے کی کوشش سے چند ماہ قبل حیدر علی نے پاکستان، ترکی، ایران اور قطر کا سفر کیا تھا اور دوحہ میں بھی کئی مرتبہ رکے تھے۔