برن: سوئٹزر لینڈ میں رہنے والے ایک خاندان نے مبینہ طور پر سازشی نظریات حاوی ہونے پر اجتماعی طور پر خودکشی کرنے کی کوشش کی جس میں ایک لڑکا زندہ بچ گیا۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سوئس ٹاؤن مونٹریکس پولیس کا کہنا ہے کہ اس خاندان نے اپارٹمنٹ کی ساتویں منزل سے یکے بعد دیگرے چھلانگ لگائی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہیں اپارٹمنٹ کے پاس پانچ لاشیں اور ایک زخمی لڑکا ملا۔ حکام نے یہ بھی بتایا کہ ایک 45 سالہ شخص اس کی 41 سالہ اہلیہ، خاتون کی دو جڑواں بہنیں، ایک 8 سالہ بچی مردہ حالت میں پائے گئے جبکہ ایک 15 سالہ لڑکا زخمی ہوا جو اس وقت کومہ میں ہے ۔ پولیس حکام نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد اس واقعہ میں کسی کے ملوث ہونے کے امکان کو رد کیا جاسکتا ہے۔ ان کے حوالے سے پولیس اور پراسیکوٹر نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ اس خاندان نے اجتماعی خودکشی کی کوشش کی ہے۔ واقعہ کی تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ کورونا وائرس وبا کے ابتدا سے ہی یہ خاندان سازشی نظریات میں دلچسپی لیتا تھا۔ خاندان اہلِ علاقہ سے بالکل الگ تھلگ تھا۔