ایک خاندان کے 11 لوگ کورونا سے متاثر

   

نئی دہلی۔24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )پرانی دہلی میں واقع جامع مسجد علاقے میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد کورونا وائرس کی زد میں آ گئے ہیں۔ کورونا وائرس انفیکشن کے شکار یہ سبھی لوگ جامع مسجد کے چوڑی والان علاقہ میں رہتے ہیں۔ یہ علاقہ پرانی دہلی میں سب سے گھنی آبادی والا علاقہ ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جن 11 لوگوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے ان میں دو مہینے اور 12 سال کے بچے بھی شامل ہیں۔ اس خبر سے علاقے میں دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔میڈیا کے مطابق کورونا پازیٹو پائے گئے سبھی لوگوں نے خود ہی خانگیددواخانہ میں اپنا معائنہ کروایا تھا اور جب نتیجہ آیا تو پتہ چلا کہ خاندان کے 11 افراد انفیکشن کے شکار ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ چوڑی والا علاقہ میں کئی جگہ پر دو گھروں کے درمیان دو میٹر کی دوری بھی نہیں ہے اور اس وجہ سے لوگوں میں انفیکشن پھیلنے کا خطرہ بہت زیادہ ہے۔ چوڑی والا جامع مسجد سے تقریباً نصف کلو میٹر کی دوری پر ہی واقع ہے اور یہاں تین بھائیوں کا مشترکہ خاندان رہتا ہے۔ اس مشترکہ خاندان میں کل 18 اراکین ہیں۔ اس طرح دیکھا جائے تو 7 اراکین کورونا سے محفوظ ہیں، لیکن احتیاطاً یہ سبھی پھر سے جانچ کروانے والے ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق اس خاندان کا ایک رکن بیرون ملک کا سفر کر کے ہندوستان لوٹا تھا۔ اس رکن کے خاندان میں سب سے پہلے کورونا پھیلا اور اس وقت بیرون ملک سے لوٹے شخص کا علاج میکس اسپتال میں چل رہا ہے۔ خاندان کے باقی افراد نے ٹسٹ کروانے کا فیصلہ اس وقت لیا جب تین لوگوں کی طبیعت خراب رہنے لگی۔ بتایا جاتا ہے کہ جن 11 لوگوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، ان میں سے 3 کی حالت سنگین ہے۔ ان تینوں کو دہلی گیٹ واقع ایل این جے پی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کروایا گیا ہے۔اب اس علاقے میں محکمہ صحت کے عہدیدارلوگوں کی جانچ کے لیے پہنچ گئے ہیں۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ اب ہم ان سبھی اشخاص کی شناخت کر رہے ہیں جو کہ گزشتہ دنوں اس خاندان کے رابطے میں آئے تھے۔ غور طلب ہے کہ دہلی میں کورونا ہاٹ اسپاٹ یعنی کنٹنمنٹ زون کی تعداد بڑھ کر 90 ہو گئی ہے۔