ایک دن میں ایک لاکھ مسافروں کا ہوائی سفر

   

نئی دہلی: ملک کے ہوابازی کا شعبہ آہستہ آہستہ پٹری پر واپس آرہا ہے اور منگل کو ہوائی مسافروں کی تعداد لاک ڈاؤن کے بعد پہلی مرتبہ تقریباً ایک لاکھ تک پہنچ گئی۔شہری ہوا بازی کی وزارت کے اعدادوشمار کے مطابق 25 اگست کو 984 پروازوں میں 99558 مسافروں نے سفر کیا۔ یہ 25 مئی کو معمول کی گھریلو ہوائی خدمات شروع ہونے کے بعد مسافروں کی سب سے زیادہ تعداد ہے ۔ اس سے قبل 24 اگست کو پہلی بار گھریلو پروازوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی تھی۔ پیر کے روز 1012 پروازوں میں 95850 مسافروں نے سفر کیا۔لاک ڈاؤن کے دوران 25 مارچ سے ملک میں مسافروں کی باقاعدہ پروازوں پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ دو ماہ بعد 25 مئی سے کووڈ 19 سے بچاؤ کی کوششوں والی رہنما ہدایات کے ساتھ محدود تعداد میں گھریلو مسافر پروازوں کی اجازت دی گئی۔