نئی دہلی : ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے قہرکے درمیان اس جان لیوا وبا سے شفا پانے والوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 56 ہزار سے زیادہ افراد کی صحت یابی پر اب تک تقریبا 16.40 لاکھ صحت مند ہوئے ہیں۔چہارشنبہ کو مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک روز میں 56,110 افراد جان لیوا وائرس سے شفا یاب ہوئے ہیں جس سے صحت مند افراد کی مجموعی تعداد 16,39,600ہوگئی ہے ۔ اسی عرصہ کے دوران60,963 افراد جان لیوا وبا کی زد میں آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 23,29,639 ہوچکی ہے اور834 اموات سے متوفیوں کی جملہ تعداد 46,091 ہوگئی ہے ۔