ایک دن میں 15 بوتل خون کا عطیہ، اسد الدین اویسی تنازعہ کے گھیرے میں

   

حیدرآباد۔/19 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر مجلس اسد الدین اویسی اسوقت تنازعہ اور تنقیدوں کے گھیرے میں آگئے جب انہوں نے ایک ہی دن میں 15 بوتل خون کا عطیہ دینے کا دعویٰ کیا۔ مہاراشٹرا میں عوامی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے اویسی نے بتایا کہ انہوں نے کس طرح عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں کسی کو خون کی ضرورت کے بارے میں پتہ چلنے پر عطیہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ: ’’ ایک ڈاکٹر نے پوچھا کہ اگر کسی کا خون O پازیٹو ہے، میں نے کہا ہاں میرا ہے۔ ڈاکٹر نے کہا کہ برائے مہربانی ایم ایل اے صاحب مدد کیجئے۔ اُس دن اللہ گواہ ہے کہ میں نے ایک نہیں بلکہ 15 بوتل خون کا عطیہ دیا۔‘‘ 44 سیکنڈ کا یہ ویڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کئی افراد نے نشاندہی کی کہ اویسی کیلئے اس قدر خون کا عطیہ ایک دن میں دینا ممکن نہیں ہے۔ ایم بی ٹی کے ترجمان امجد اللہ خاں نے کہا کہ ایک بوتل 400 ملی لیٹر کی ہوتی ہے اس کا مطلب یہ ہوا کہ انہوں نے 6000 ملی لیٹر خون کا عطیہ دیا۔ ایک بالغ شخص کے جسم میں 4.5 تا 5.5 لیٹر خون ہوتا ہے۔ ( بہ شکریہ ’ انڈین ایکسپریس‘ )