گذشتہ مہینوں کی طرح احتیاط برتنے کی ضرورت پر زور : ڈاکٹر سوندرا راجن کا ٹوئیٹ
حیدرآباد ۔ یکم جون ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں اتوار کو ایک دن میں کورونا کے 199 کیس منظر عام پر آنے کے بعد گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے حکومت کی مسلسل کوششوں کے باوجود کیسوں میں اچانک بھاری اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اس وبائی مرض کے خلاف جدوجہد میں شدت پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ واضح رہے کہ کل ایک دن میں اب تک کے سب سے زیادہ کورونا پازیٹیو کیس سامنے آئے تھے ۔ گورنر نے تاہم کہا کہ ایک دن میں سب سے زیادہ کیس پازیٹیو قرار پانے پر خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ یہ خبردار اور چوکس رہنے کی وارننگ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک دن میں 199 کورونا پازیٹیو کیس منظر عام پر آنے کے بعد متفکر ہیں۔ سوندرا راجن نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے اپنی تشویش ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا کہ جو متاثرین پائے گئے ہیں ان میں دو پی جی ڈاکٹرس اور دوسرے جہد کار بشمول پولیس ملازمین شامل ہیں اور اس سے ہمیں یہ ضرورت محسوس ہوتی ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے سخت جدوجہد کی جائے اور اپنے اقدامات میںشدت پیدا کردی جائے اور تمام تراحتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ۔ ریاستی گورنر نے اپنے ٹوئیٹس میں کہا کہ لاک ڈاون میں نرمی دئے جانے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم اپنی احتیاطی تدابیر میں بھی نرمی برتیں۔ ہمیں گذشتہ مہینوں کی طرح پوری احتیاط برتنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ کیسوں کا منظر عام پر آنا خوفزدہ ہونے کی بات نہیں ہے بلکہ ہمیں چوکس رہنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ ہم لاک ڈاون سے باہر نکلنے کی سمت پیشرفت کر رہے ہیںاور جو رعایتیں اور نرمیاں دی گئی ہیں وہ اقدار کیلئے ہیں وائرس کیلئے نہیں ہیں۔