ایک دن میں 341 ملین یونٹ برقی سربراہی

   

تلنگانہ میں موسم گرما میں برقی طلب میں اضافے کا امکان
حیدرآباد۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے برقی اداروں نے نہ صرف برقی سربراہی کے سلسلہ میں ریکارڈ قائم کیا ہے برقی اداروں کی جانب سے 13 مارچ کو ایک دن میں 341.08 ملین یونٹ برقی سربراہ کی گئی جو ریاست میں اب تک کا ایک ریکارڈ ہے۔ وزیر برقی و ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے برقی عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ 13 مارچ کو صبح 11:17 بجے ریاست میں 18228 میگاواٹ برقی طلب کی کامیابی سے تکمیل کی گئی۔ برقی کے استعمال میں ریاست میں روزافزوں اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ سال 18 مارچ کو ایک دن میں 335.19 ملین یونٹ برقی سربراہ کی گئی تھی۔ برقی اداروں نے 20 مارچ 2025 کو 17162 میگاواٹ سربراہی کا ریکارڈ قائم کیا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافہ اور زرعی شعبہ کے لئے برقی طلب کے نتیجہ میں مجموعی طور پر برقی طلب میں اصافہ ہوا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے برقی اداروں کے عہدیداروں اور ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے موسم گرما کے پیش نظر چوکسی کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ برقی ادارے ایک دن میں 350 ملین یونٹ اور 19 ہزار میگاواٹ سربراہی کے نشانہ کی تکمیل کے موقف میں ہیں۔ حکام کا ماننا ہے کہ موسم گرما کے پیش نظر برقی طلب میں اضافے کا رجحان برقرار رہے گا۔ ریاست میں نئی صنعتوں کے قیام کے نتیجہ میں برقی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے برقی اداروں کے ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ زرعی شعبہ اور گھریلو صارفین کی برقی ضرورتوں کی تکمیل کی مساعی کریں۔ 1