حیدرآباد: 10 اگست (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں عوام کے لیے علاج و معالجہ اور تشخیص کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ریاستی حکومت نے بالخصوص سلم علاقوں میں غریب اور ضرورتمند لوگوں کے فائدے کے لیے کوئی 150 بستی دواخانے قائم کئے۔ لیکن ایل بی نگر کے صاحب نگر میں واقع ایک بستی دواخانہ میں ہفتہ میں صرف دو دن ہی علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ حیرت انگیز طور پر باقی دنوں میں اس دواخانہ میں کوئی ڈاکٹرس دستیاب نہیں رہتے ہیں جس کی وجہ سے صاحب نگر میں رہنے والوں بالخصوص سلم علاقہ میں رہنے والے لوگوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔ کیوں کہ انہیں علاج کے لیے مجبوراً خانگی کلینکس کا رخ کرنا پڑرہا ہے۔ حالانکہ اس علاقہ میں بستی دواخانہ موجود ہے۔ اس علاقہ کے مقامی لوگوں نے کہا کہ اگر وہ کسی سرکاری دواخانہ کو علاج کے لیے جانا چاہیں تو انہیں دوسرے علاقوں میں جانا ہوتا ہے۔ ایک مقامی شخص روی کمار نے کہا کہ ’’ریگولر چیک اپس کے لیے اس دواخانہ کو جانے والے افراد کے علاوہ بخار جیسے عام صحت کے مسائل والی حاملہ خواتین کو بھی واپس گھر لوٹنا پڑرہا ہے۔ کیوں کہ اس دواخانہ میں ڈاکٹرس موجود نہیں رہتے ہیں۔ حال میں ایک شخص کو جسے کتا کاٹا تھا علاج کے لیے اس بستی دواخانہ کو لایا گیا لیکن اسے گورنمنٹ ہاسپٹل بھیج دیا گیا۔ اب تک ایسے پانچ کو دوسرے دواخانوں کو بھیج دیا گیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس علاقہ میں بستی دواخانہ قائم کرنے کا مقصد پورا نہیں ہورہا ہے۔ ایک اور شخص نے کہا کہ ’’نرسیس اور بعض وقت کمپائونڈرس جو ڈاکٹرس کے طور پر مریضوں پر توجہ دیتے ہیں۔ دواخانہ کو نہیں آرہے ہیں۔ تاہم محکمہ صحت کی جانب سے ہر بستی دواخانہ میں کافی ہیلتھ کیر اسٹاف کو مامور کیا گیا ہے جس میں ڈاکٹر، نرسیس، ٹسٹنگ پرسن اور ایک کمپائونڈر شامل ہیں۔ ان کا کام ہوتا ہے کہ وہ موسمی بیماریوں جیسے سردی، کھانسی، بخار اور اسہال دست کے مریضوں پر توجہ دیں اور ان کا علاج کریں۔ اس بستی دواخانہ کو علاج کے لیے جانے والے ایک اور شخص نے بتایا کہ دواخانہ پہنچنے پر اس نے ڈاکٹر کے لیے پوچھا وہاں موجود اسٹاف نے اسے جواب دیا کہ کوئی ڈاکٹر دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اس دواخانہ کو خالی اور تقریباً سنسان پایا۔ وہاں کوئی ڈاکٹر نہیں تھا صرف ایک کمپائونڈر ڈیسک پر بیٹھا ہوا تھا۔ جب میں نے اس سے کچھ دوائیں دینے کے لیے کہا تو اس نے ایسا کرنے سے اپنی معذوری ظاہر کی۔ نرس کے بارے میں پوچھنے پر اس نے کہا کہ وہ رخصت پر ہے۔ یہ اس بستی دواخانہ میں پائی جانے والی افسوسناک حالت ہے۔ اس دواخانہ سے روزانہ 10 مریض علاج کے بغیر واپس ہورہے ہیں۔ تاہم، رابطہ پر ڈسٹرکٹ ڈپٹی میڈیکل آفیسر نے کہا کہ ڈاکٹر رخصت پر ہے لیکن محکمہ کی جانب سے اس دواخانہ میں ڈاکٹر کے ساتھ نرسنگ اسٹاف اور ایک فارماسسٹ کو مقرر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مسلم لیگ کا 15 اگسٹ کو جلسہ عام
حیدرآباد۔ /10 اگسٹ، ( راست ) کنوینر جلسہ سید لائق علی کی اطلاع کے بموجب آل انڈیا مسلم لیگ کے زیر اہتمام 15 اگسٹ کو 11 بجے دن جلسہ عام بعنوان ’جنگ آزادی میں مسلمانوں کی قربانیاں ‘ بمقام دفتر مسلم لیگ گیٹ نمبر 3 پیرا ماونٹ کالونی ٹولی چوکی زیر صدارت عبدالستار مجاہد صدر آل انڈیا مسلم لیگ منعقد ہوگا جس کو مختلف مکاتب فکر کے علماء و قائدین اور دانشور مخاطب کریں گے۔ 10 بجے دن رسم پرچم کشائی انجام دی جائے گی۔