ایک دہشت گرد نے دوسرے کو محب وطن کہا:راہول

   

نئی دہلی۔28۔نومبر(سیاست ڈاٹ کام)کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے ذریعہ ناتھو رام گوڈسے کو محب وطن بتائے جانے پر سخت ردعمل میں کہا کہ ایک دہشت گرد دوسرے دہشت گرد کو محب وطن بتا رہی ہے۔ راہول نے جمعرات کو ٹویٹ میں کہا،’’دہشت گرد پرگیہ نے دہشت گرد گوڈسے کو محب وطن بتایا۔ ہندوستان کی پارلیمنٹ کی تاریخ میں یہ افسوسناک دن ہے ۔‘‘ چہارشنبہ کو ایوان میں ایس پی جی بل پر بحث کے دوران پرگیہ نے گوڈسے کو محب وطن بتایا تھا جس پر کافی ہنگامہ ہوا حالانکہ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے پرگیہ کے بیان کولوک سبھا کی کارروائی سے حذف کردیا۔ راہول نے پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا،’’پرگیہ نے جو کچھ کہا، وہی بی جے پی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے دل میں ہے ۔یہ لوگ گاندھی جی کی جتنی بھی پوجا کریں لیکن ان کے دل میں کچھ اور ہی ہے ‘‘۔ ایسا پہلی بار نہیں ہے جب پرگیہ نے گوڈسے کو محب وطن بتایا ہو۔ اس سے پہلے بھی لوک سبھا انتخابات کے د وران انہوں نے گوڈسے کو محب وطن کہاتھا۔