حیدرآباد 3 جون (یواین آئی) تلنگانہ کے جنگاؤں ضلع کے اسٹیشن گھن پور حلقہ کے رکن اسمبلی کڈیم سری ہری نے انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی نے اندرماں ہاؤسنگ اسکیم کے تحت مکان حاصل کرنے رشوت دی یا لی ہو، تو ایسے تمام گھروں کی منظوری منسوخ کر دی جائے گی۔یہ بات انہوں نے اسٹیشن گھن پور حلقہ کے شیون پلی گاؤں کے سری پورم گارڈن میں منعقدہ پروگرام کے موقع پر کی۔تقریب میں اڈیشنل کلکٹر (ریونیو) روہت سنگھ، ایم ایل اے کڈیم سری ہری اور دیگر نے شرکت کی۔ انہوں نے تلنگانہ تلی اور پروفیسر جے شنکر کی تصاویر پر پھول چڑھائے اور اندرماں مکانات کی منظوری کے کاغذات مستحقین میں تقسیم کئے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے ہر اسمبلی حلقہ میں 3,500 مکانات کی منظوری دی گئی ، اور ہر مکان کیلئے پانچ لاکھ کا خرچ آئے گا، جس سے اندازاً 175 کروڑ روپے خرچ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مکانات کی منظوری مکمل شفافیت کے ساتھ دی جا رہی ہے ۔