ایک سال تک بھی ڈگری کی تعلیم حاصل کرنے پر سرٹیفیکٹ کی اجرائی !

   

دو سال کی تعلیم پر ڈپلومہ ، تین سال کی تعلیم پر ڈگری ، چار سال کی تعلیم پر آنرس ، عہدیداروں کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : اسٹیٹ ہائیر ایجوکیشن کونسل کی جانب سے ڈگری کی تعلیم میں مزید تبدیلیاں لانے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ بالخصوص ڈگری کورسیس میں داخلہ لینے کے بعد درمیان میں ترک تعلیم کرنے والے طلبہ کو سرٹیفیکٹس جاری کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ایک سال بھی ڈگری کی تعلیم حاصل کرنے پر سرٹیفیکٹ جاری کرنے کی تجویز ہے ۔ دو سال تعلیم حاصل کرنے پر ڈپلومہ تین سال کی تکمیل پر ڈگری سرٹیفیکٹ اور چار سالہ ڈگری کی تعلیم مکمل ہونے پر آنرس ڈگری دی جائے گی ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ نئے تعلیمی نظام کے اہم امور پر عمل آوری کا عہدیدار جائزہ لے رہے ہیں ۔ اس کے لیے 21 اور 22 اکٹوبر کو ریاست کے تمام یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کا اجلاس طلب کیا جارہا ہے ۔ اس اجلاس میں نئے تعلیمی نظام پر عمل آوری کے لیے مشاورت ہوگی اور حکمت عملی تیار ہونے کا امکان ہے ۔ اس کے علاوہ چار سالہ ڈگری کورسیس کے داخلوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ توقع کی جارہی ہے کہ ان کورسیس سے بیروزگاروں کے علاوہ بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم ہوں گے ۔ ان کورسیس میں کریڈٹ سسٹم پر بھی عمل کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ اس سے طلبہ اپنی مرضی کے مطابق مضامین کا انتخاب کرسکتے ہیں ۔ کسی بھی موڑ پر ترک تعلیم کرنے کی صورت میں طلبہ کو ایک سرٹیفیکٹ دینے کے نظام پر عمل کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ کسی بھی وجہ سے درمیان میں ترک تعلیم کرنے والے طلبہ کو بعد میں وہیں سے دوبارہ تعلیم کا آغاز کرنے کی گنجائش فراہم کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ تاہم اس نظام پر تمام زاویوں سے جائزہ لینے کے بعد ہی قطعی فیصلہ کیا جائے گا ۔ مقامی ضرورتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کورسیس ڈیزائن کرنے پر عہدیداروں کی جانب سے خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ بالخصوص زرعی شعبہ میں ٹکنالوجی کے استعمال میں اضافہ ہونے پر اگریکلچر یونیورسٹی سے متعلق نئے کورسیس متعارف کرانے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ جس سے مقامی سطح پر روزگار حاصل ہونے کے امکانات ہیں ۔۔ ن