ایک سال میں تلنگانہ کی سیاست سے کے سی آر کا نام ختم ، آئندہ ایک سال میں بی آر ایس کی سیاست ختم ہوجائیگی ۔ ریونت ریڈی

   

حیدرآباد۔29 ۔ اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ کی سیاست میں اندرون ایک سال ’ کے سی آر ‘ کا نام و نشان ختم ہوچکا ہے اور آئندہ ایک سال میں کے سی آر اور بی آر ایس کی سیاست بھی ختم ہوجائے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کے دوران یہ ریمارک کئے اور کہا کہ تلنگانہ کی سیاست سے کلواکنٹلہ خاندان کا نام ختم ہو جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس کی سیاست ختم ہونے جا رہی ہے۔ انہوں نے کے سی آر کو مدت استعمال ختم ہونے والی ادویہ قرار دیا اور کہا کہ کانگریس نے اندرون ایک سال ’کے سی آر‘ کے وجود کو غیر اہم بنا دیا اور ان کی پارٹی کو ان کے فرزند کے ٹی راما راؤ نے ہی ایک سال میں ختم کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال بعد کے سی آر کا نام گمنامی میں چلا جائے گا۔ چیف منسٹر نے جنواڑہ میں پولیس دھاوے کا تذکرہ کیا اور کہا کہ اگر یہ دیوالی پارٹی تھی تو کے ٹی راما راؤ کے برادر نسبتی وہاں سے فرار کیوں ہوئے اور اس پارٹی میں کیسینو کوائنس کہاں سے آئے ! انہو ںنے بتایا کہ جسے دیوالی پارٹی قرار دیا جا رہاہے اس میں بیرونی ساختہ شراب کہاں سے آئی ! چیف منسٹر نے بات چیت کے دوران طنز کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کے ٹی آر کے برادر نسبتی عدالت سے رجوع ہوکر ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے عرضی کیوں داخل کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ تلنگانہ میں دیوالی کی پارٹی کس طرح سے منعقد کی جاتی ہے ۔3