بھٹی وکرامارکاکا بیان ۔ جینکو میں 112 ملازمتوں کے احکامات تقرر حوالے
حیدرآباد 4 اپریل (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ تلنگانہ حکومت نے نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں تبدیل کرکے اقتدار کے ایک سال میں 53 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے یادادری تھرمل پاور اسٹیشن کے حدود میں 112 افراد کو تلنگانہ جینکو میں روزگار فراہم کرنے کے احکامات حوالے کئے جن کی اراضی پراجکٹ کیلئے حاصل کی گئی تھی۔ احکامات تقرر کی حوالگی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ علیحدہ تلنگانہ جدوجہد میں نوجوانوں نے اِس اُمید سے اظہار کیا تھا کہ نئی ریاست میں اُنھیں روزگار ملیگا۔ بی آر ایس نے 10 سالہ دور اقتدار میں نوجوانوں کو مایوس کردیا اور سرکاری تقررات پر کوئی توجہ نہیں دی۔ داماچرلہ منڈل سے تعلق رکھنے والے 112 افراد کو جونیر اسسٹنٹ، پلانٹ اٹنڈر اور آفس سب آرڈینیٹ کے عہدوں پر تقررات کئے گئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ سابق حکومت نے اراضی سے محروم خاندانوں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے دھوکہ دیا تھا لیکن کانگریس حکومت نے اِس وعدہ کی تکمیل کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پراجکٹ کے لئے اراضی فراہم کرنے والے خاندانوں کو فوری طور پر اُن کی قابلیت کے اعتبار سے روزگار فراہم کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ راجیو یوا وکاسم اسکیم کے تحت نوجوانوں کو خود روزگار کے تحت امداد فراہم کی جائے گی۔ اسکیم کے لئے 9 ہزار کروڑ مختص کئے گئے ہیں جس سے ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی طبقات کو فائدہ ہوگا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ عالمی اداروں نے حیدرآباد میں سرمایہ کاری کیلئے معاہدہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ راجیو گاندھی کے مشورہ پر آنجہانی این جناردھن ریڈی نے ہائی ٹیک سٹی کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور راجیو گاندھی کے دور میں سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز ہوا۔ اُنھوں نے کہاکہ بیروزگار نوجوانوں کو انصاف فراہم کرنے والی واحد حکومت کانگریس ہے جس نے اقتدار کے حصول کے ساتھ ہی تقررات کا عمل شروع کردیا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ آئندہ 2 برسوں میں تقررات کیلئے حکومت نے جاب کیلینڈر جاری کیا ۔ آئی ٹی اور دیگر شعبہ جات کی کمپنیاں حیدرآباد میں اپنے توسیعی پراجکٹس قائم کررہی ہے جس سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔1