رمضان المبارک کے پیش نظر پروگرام پر نظر ثانی، محکمہ بلدی نظم و نسق
حیدرآباد۔6۔مارچ۔(سیاست نیوز) محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے پرانے شہر میں واقع تاریخی چارمینار کے دامن میں منعقد کئے جانے والے ’’ایک شام چارمینار کے نام ‘‘ پروگرام کو مئی کے پہلے ہفتہ تک کیلئے ملتوی کرنے کا منصوبہ تیا رکیا گیا ہے اور کہا جارہاہے کہ اب جبکہ کورونا وائرس کے متعلق تحدیدات مکمل طور پر ختم کئے جاچکے ہیں لیکن ماہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر اس طرح کے پروگرام منعقد کیا جانا درست نہیں ہے اسی لئے رمضان المبارک کے اختتام کے بعد ہی ’’ایک شام چارمینار کے نام ‘‘ پروگرام کا احیاء عمل میں لایا جائے گا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ذرائع کے مطابق جی ایچ ایم سی کی جانب سے ’’سنڈے فن ڈے ‘‘ اور’’ ایک شام چارمینار کے نام‘‘ دونوں پروگرامس کے احیاء کے سلسلہ میں مشاورت کی گئی لیکن ساؤتھ زون جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے اعلیٰ عہدیداروں کو ماہ رمضان المبار ک کے دوران چارمینار کے اطراف و اکناف بازاروں میں رہنے والی گہما گہمی سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ چارمینار کے دامن میں منعقد کئے جانے والے پروگرام کو ملتوی کرنے کی سفارش کی ہے اور کہا کہ ماہ مئی کے دوسرے ہفتہ سے اس پروگرام کے احیاء کے متعلق اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کے محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے ٹینک بنڈ پر منعقد کئے جانے والے ’’سنڈے فنڈے‘‘ پروگرام کے احیاء کے سلسلہ میں محکمہ پولیس اور ٹریفک پولیس کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد قطعی اقدامات کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔ذرائع کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کے علاوہ حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں کا کہناہے کہ دونوں پروگرامس کا اگر ماہ رمضان المبارک کے بعد ہی آغاز کیا جائے تو بہتر ہے اسی لئے ان کی جانب سے محکمہ کو روانہ کردہ سفارش میں کہا گیا ہے کہ وہ دونوں ہی پروگرام بعد رمضان شروع کئے جائیں۔م