ایک شخص خسر اور برادرنسبتی کے حملے میں فوت،خاندانی جھگڑوں کا انجام، پولیس مصروف تحقیقات

   


حیدرآباد۔ 16 ڈسمبر (سیاست نیوز) ایک باپ نے بیٹے کے ہمراہ بیٹی کے گھر کو اجاڑ دیا اور بیٹی کو بیوہ اور اس کے بچوں کو یتیم کردیا۔ یہ دل دہلادینے والا واقعہ ہمایوں نگر پولیس حدود میں پیش آیا جہاں عبدالسلام نامی شخص، خسر اور برادر نسبتی کے حملہ میں فوت ہوگیا۔ فرسٹ لانسر کے علاقہ میں پیش آئی اس واردات کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ اس واقعہ پر بات کرتے ہوئے انسپکٹر ہمایوں نگر نارائن ریڈی نے بتایا کہ عبدالسلام کی موت پر قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق عبدالسلام کی شادی سال 2006 میں ہوئی تھی اور ان کے تین بچے ہیں۔ خاندانی جھگڑوں اور تنازعات کے بعد مقتول کی بیوی اور مقتول تقریباً 5 سال سے الگ رہ رہے تھے۔ عبدالسلام کی بیوی اپنے مائیکے میں بچوں کے ساتھ رہتی تھی اور عبدالسلام بچوں اور بیوی سے ملاقات کیلئے اکثر سسرالی مکان آیا کرتا تھا۔ 11 ڈسمبر کو بھی عبدالسلام اپنے بچوں اور بیوی سے ملاقات کیلئے فرسٹ لانسر پہنچا جو پنجہ گٹہ کے علاقہ میں رہتا تھا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 4 بجے عبدالسلام اپنے مکان سے نکلا اور 8 بجے ان کے بھائی کو سلیم نے فون پر اطلاع دی کہ ان کا بھائی موٹر سائیکل سے گرکر شدید زخمی ہوگیا۔ سلیم، عبدالسلام کا برادر نسبتی ہے۔ بھائی کے زخمی ہونے کی اطلاع کو سنتے ہی جب مقتول کا بھائی عثمانیہ دواخانہ پہنچا تو ان کا بھائی بے ہوشی کے عالم میں تھا اور ان کے جسم پر زخموں کے نشانات تھے۔ جب پریشانی کے عالم میں بھائی صحت کے متعلق دریافت کیا تو پتہ چلا کہ سر میں خون منجمد ہونے کے سبب عبدالسلام کوما میں چلے گئے ہیں۔ عبدالسلام کے بھائی نے اپنے بھائی کے خسر غوث اور برادرنستی سلیم پر عبدالسلام کے قتل کا الزام لگایا اور کہا کہ ان کے بھائی کو شدید زدوکوب اور مارپیٹ کرتے ہوئے قتل کردیا گیا۔ ہمایوں نگر پولیس نے اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ع