ایک شخص دوست کے قاتلانہ حملہ میں زخمی

   

حیدرآباد ۔ /3 اکٹوبر (سیاست نیوز) مادنا پیٹ علاقہ میں آج اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک شخص نے اپنے دوست پر چاقو سے قاتلانہ حملہ کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 21 سالہ عامر خان ساکن مادنا پیٹ جو پیشہ سے پینٹر ہے نے اپنے دوست 22 سالہ عبدالغفار جو پیشہ سے باورچی ہے نے آج شام تیز دھار ہتھیار سے حملہ کرکے زخمی کردیا ۔ انسپکٹر مادنا پیٹ این سیدولو نے کہا کہ عامر خان کے چھوٹے بھائی سلمان خان نے عبدالغفار کے بہنوائی احمد حسین سے کچھ دن قبل اپنا موبائیل فون بطور ضمانت رکھواکر 1500 روپئے کا قرض حاصل کیا تھا ۔ عامر خان موبائیل فون لوٹانے کیلئے احمد حسین پر دباؤ ڈال رہا تھا جس پر عبدالغفار نے مداخلت کرتے ہوئے رقم لوٹانے پر موبائیل فون واپس دینے کی بات بتائی ۔ قرض کی رقم کی حوالگی کے بہانے عبدالغفار کو عامر خان نے مادنا پیٹ میں طلب کیا اور اس پر اچانک حملہ کردیا ۔ اس واقعہ میں غفار کے سر اور ہاتھ پر گہرا زخم آیا ۔ انسپکٹر نے کہا کہ عامر خان کو پولیس نے حراست میں لے لیا اور وہ سابق میں بھی اسی قسم کی ایک واردات میں ملوث ہے ۔ پولیس نے اقدام قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔