نیویارک : اپنی غیر قانونی سرگرمیوں کے باوجود کاپون نے ایک بھر پور عوامی زندگی گزاری۔ 17 جنوری کو ال کاپون کی 125 ویں سالگرہ کے ساتھ اس بدنام زمانہ امریکی گینگسٹر کی وراثت ایک ایسا موضوع بنی ہوئی ہے، جو آج تک ہالی ووڈ کے پروڈیوسروں اور ناول نگاروں دونوں کے لیے دلچسپ ہے۔ کاپون نے روئرنگ ٹوئنٹیز میں اطالوی۔امریکی منظم جرائم کے گروہ شکاگو آؤٹ فِٹ کے شریک بانی اور باس کے طور پر شہرت حاصل کی۔ کچھ لوگوں نے اسے رابن ہڈ کے طور پر بھی بیان کیا اور اس کی وجہ اس کی طرف سے اپنی غیر قانونی کمائی میں سے خیراتی اداروں کے لیے کچھ رقم عطیہ کرنا تھی۔ چند دیگر ایسی باتیں بھی تھیں، جو کاپون کو اس دور کے دوسرے بدمعاشوں سے منفرد بناتی تھیں۔ وہ ہر لمحہ لوگوں کی نظروں میں رہنے، نامہ نگاروں کے ساتھ گپ شپ کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے بڑی بڑی پارٹیوں کا انتظام بھی کرتا تھا۔ لیکن ماضی کی بہت سی مجرمانہ شخصیات کی طرح اس گینگسٹر کے بارے میں بھی منقسم آرا پائی جاتی ہیں۔
