ایک لاکھ دلتوں کے ساتھ کانگریس کا پیر کو جلسہ

   

18 اسمبلی حلقوں سے عوام کی شرکت‘ تیاریاں جاری
حیدرآباد۔6 ۔اگست (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے دلتوں اور گریجن طبقات کی تائید حاصل کرنے کیلئے 9 اگست کو اندرا ولی میں ایک لاکھ افراد کے ساتھ جلسہ عام کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں بڑے پیمانہ پر تیاریاں شروع کردی گئیں۔ نائب صدر ڈاکٹر ملو روی ، سابق رکن اسمبلی مال ریڈی رنگا ریڈی اور دیگر قائدین نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ رنگا ریڈی ضلع کانگریس قائدین کا اجلاس منعقد ہوا۔ ریونت ریڈی کی قیادت میں دلت و گریجن دنڈورا پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے 18 اسمبلی حلقہ جات کے قائدین متحرک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ دلت بندھو اسکیم کے نام پر پھر ایک مرتبہ دلتوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے دلت کو چیف منسٹر بنانے کا اعلان کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم صرف حضور آباد ضمنی چناؤ کے لئے شروع کی جارہی ہے۔ حالانکہ حکومت اگر سنجیدہ ہوتی تو ریاست بھر میں بیک وقت اسکیم کا آغاز کیا جاتا۔ ملک میں کانگریس حکومت میںدلتوں اور گریجن طبقات کی ترقی پر توجہ مرکوز کی گئی ۔ روزگار و تعلیم میں دلتوں اور گریجنوں کو تحفظات فراہم کئے جائیں جس کا وعدہ گزشتہ اسمبلی انتخابات کے وقت کیا گیا تھا۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم سے مخصوص خاندانوں کو فائدہ ہوگا اور عوام اس حقیقت کو اچھی طرح جان چکے ہیں۔ اے آئی سی سی کے سابق صدر راہول گاندھی دلتوں کے پروگرام میں شرکت کیلئے تلنگانہ کا دورہ کریں گے ۔