ایک لاکھ کروڑ کی لوٹ میں آپ کا کیا حصہ ہے۔؟

,

   

اسد اویسی سے ریونت ریڈی کا سوال، نریندر مودی کی تائید کرنے والے کے سی آر کی تائید پر تنقید
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کے سی آر کی تائید کرنے پر صدر مجلس اسد اویسی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکز میں نریندر مودی کی تائید کرنے والے کے سی آر کی تائید کو مسلمان قبول نہیں کریں گے۔ نیکلس روڈ پر کانگریس ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے اسد اویسی سے سوال کیا کہ ایک لاکھ کروڑ کی لوٹ میں کے سی آر کے ساتھ ان کی کیا حصہ داری ہے؟ ۔ اسد اویسی کو حیدرآباد کے دوسرے نظام قرار دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کے ایک اور نظام شاستری پورم کے پہاڑ پر ہیں وہ کہہ رہے ہیں کہ شہر ہمارا حیدرآباد ہمارا ۔ ارے بابا آپ مہاراشٹرا کے شولا پور سے آئے ہیں۔ آپ کا حیدرآباد سے کیا تعلق ؟۔ اس بار کانگریس کارکن دیکھیں گے کہ حیدرآباد میں کون جیتے گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ چوروں کا ساتھ دینا چھوڑدیں ۔ اسد اویسی کے سی آر کو جتانے کی بات کررہے ہیں آخر کیوں جتائیں کے سی آر کو۔ پارلیمنٹ میں طلاق ثلاثہ بل، دفعہ 370 ، صدر جمہوریہ، نائب صدر کے الیکشن ، نوٹ بندی اور جی ایس ٹی میں نریندر مودی کی تائید کرنے پر کیا کے سی آر کو کامیاب کریں؟۔ حیدرآباد میں میٹرو ریل کانگریس کا کارنامہ ہے۔ گولی گوڑہ تا فلک نما میٹرو کی منظوری کانگریس نے دی تھی۔ پرانے شہر میں میٹرو ریل روکنے پر کیا کے سی آر کو جتائیں؟ ۔ آخر اسد اویسی کیوں کے سی آر کے ساتھ ہیں۔ حیدرآباد میں کار مودی کی گلی میں دہلی پہنچ کر کنول کا پھول بن جاتی ہے۔ مودی کا ساتھ دینے والے کے سی آر کے شاگرد بن کر کیوں کام کررہے ہیں؟؟ ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے ایک لاکھ کروڑ کی لوٹ کی آخر اس میں آپ کا کیا حصہ ہے جو تائید کررہے ہیں، اگر آپ اپنی پارٹی کو جتانے کیلئے کام کریں تو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کے مسلمانوں کو ڈبل بیڈ روم مکان، لاکھ دو لاکھ کا قرض بھی نہیں ملا پھر بھی کے سی آر کی تائید کیوں کی جارہی ہے۔ ریونت ریڈی نے اسد اویسی سے اس پر وضاحت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات فراہم کرنے پر کیا کانگریس کو ہرا دیا جائے۔ کانگریس نے تحفظات دیئے اور ہندو مسلم کو ہمیشہ دو آنکھوں کی طرح دیکھا۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے مسلمان جاگ چکے ہیں اور وہ اسداویسی کی باتوں میں آنے والے نہیں ہیں۔ اسد اویسی اپنی باتوں سے مسلمانوں کو ٹوپی پہنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے ’اس بار حیدرآباد میں کانگریس ‘ کا نعرہ لگایا۔ دیکھیں گے شہر کس کا ہے، حیدرآباد میں جیتنے والا کون ہے۔ انہوں نے کے سی آر اور کے ٹی آر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ باپ ایک نمبری تو بیٹا دس نمبری ۔ مسلمانوں کو سوچنا پڑے گا کہ کون ان کا حقیقی ہمدرد ہے۔ ریونت ریڈی کی تقریر کا فی جوش و خروش دیکھا گیا۔