ایک لاکھ کی امداد کے نام پر مسلمانوں اور بی سی طبقات سے دھوکہ دہی

   

ووٹ حاصل کرنا حکومت کا مقصد، کانگریس ترجمان سید نظام الدین کا الزام
حیدرآباد۔/25جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ الاؤنس سے محروم کرتے ہوئے دھوکہ دینے کا بی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا۔ پردیش کانگریس کے ترجمان سید نظام الدین نے گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ماہانہ الاؤنس کے بجائے کے سی آر حکومت ایک لاکھ روپئے قرض اسکیم کی پیشکش کرتے ہوئے گمراہ کررہی ہے۔ حکومت کے وعدہ کے مطابق ہر بیروزگار نوجوان کو فی کس 1.65 لاکھ کی ادائیگی باقی ہے۔ حکومت الاؤنس کی اجرائی کے بغیر نوجوانوں کے ساتھ جھوٹے وعدے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ روپئے قرض کے نام پر نوجوانوں کو روزگار اور دیگر مسائل سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے۔ نظام الدین نے کہا کہ گذشتہ 9 برسوں میں حکومت نے روزگار کی فراہمی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے اور 55 ماہ سے ماہانہ بیروزگاری الاؤنس جاری نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم کے علاوہ بی سی اور اقلیتی طبقات کیلئے ایک لاکھ روپئے تک امداد کی فراہمی کا اعلان انتخابی حربہ ہے۔ کے سی آر حکومت کو انتخابی فائدہ سے دلچسپی ہے اور دلت، قبائیل، پسماندہ طبقات اور اقلیتی نوجوانوں کو قرض کا وعدہ محض ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے مسلمانوں، دلتوں اور قبائیل کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔