عادل آباد میں 100.23 روپئے فی لیٹر پٹرول فروخت ، پٹرول پر 4.39 روپئے ، ڈیزل پر 5.19 روپئے کا اضافہ
حیدرآباد :۔ ریاست تلنگانہ میں پٹرول کی قیمت سنچری مکمل کرچکی ہے ۔ ملک بھر میں دن بہ دن پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ ضلع عادل آباد میں فی لیٹر پٹرول 100.23 روپئے اور ڈیزل 94.96 روپئے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے ۔ گذشتہ ایک ماہ کے دوران 17 مرتبہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ جس کی وجہ سے ایک ماہ میں پٹرول پر 4.39 روپئے اور ڈیزل پر 5.19 روپئے کا اضافہ ہوا ہے ۔ ساتھ ہی راجستھان ، مدھیہ پردیش ، مہاراشٹرا کے علاوہ دوسرے مقامات میں بہت پہلے ہی پٹرول کی قیمت فی لیٹر 100 روپئے سے تجاوز کر گئی ہے ۔ اس فہرست میں ملک کی مالیاتی راجدھانی ممبئی کا بھی شمار ہوگیا ہے ۔ حیدرآباد میں 98.20 روپئے فی لیٹر پٹرول اور 93.08 روپئے فی لیٹر ڈیزل فروخت ہورہا ہے ۔ ویاٹ کی وجہ سے ملک کے مختلف ریاستوں میں پٹرول و ڈیزل کی علحدہ علحدہ قیمتیں پائی جاتی ہیں ۔ سب سے زیادہ راجستھان میں پٹرول پر ویاٹ نافذ کیا گیا ہے ۔ اس کے بعد مدھیہ پردیش میں ویاٹ وصول کیا جارہا ہے ۔ دوسری جانب ملک کے مختلف ریاستوں میں کورونا بحران کی وجہ سے نافذ کئے گئے لاک ڈاؤن سے پٹرول اور ڈیزل کے فروخت میں بڑی حد تک گراوٹ آئی ہے ۔ گذشتہ کا تقابل کریں تو مئی میں 17 فیصد کی گراوٹ آئی ہے ۔ لاک ڈاؤن اور تحدیدات کی وجہ گاڑیاں بڑے پیمانے پر رکی ہوئی ہیں ۔ طیاروں کے سفر میں بھی پابندیوں کی وجہ سے جیٹ فیول (اے ٹی ایف ) کی فروخت بھی اپریل کے بہ نسبت 34 فیصد گھٹ گئی ۔۔