ایک ملک ، ایک انتخاب : سابق صدر کووند کی قیادت والی کمیٹی کی پہلی میٹنگ ختم، ایجنڈے پر آگے بڑھنے پر تبادلہ خیال

   

نئی دہلی: ایک ملک، ایک الیکشن’ کا جائزہ لینے اور اس سلسلے میں سفارشات پیش کرنے کیلئے سابق صدر رام ناتھ کووند کی سربراہی میں تشکیل دی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی کی پہلی میٹنگ بدھ کو نئی دہلی میں کووند کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔ حکومت نے لوک سبھا، ریاستی اسمبلیوں، میونسپلٹیوں اور پنچایتوں کے بیک وقت انتخابات کے معاملے پر غور کرنے اور جلد از جلد سفارشات دینے کے لیے کووند کی سربراہی میں آٹھ رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔وزارت قانون کے اعلیٰ افسران نے اتوار کو کووند سے ملاقات کی تھی اور یہ جاننا چاہتے تھے کہ وہ کمیٹی کے ساتھ ایجنڈے کو کیسے آگے بڑھیں گے۔ کووند کی قیادت میں تشکیل دی گئی کمیٹی ایک ساتھ الیکشن کرانے کے امکانات کا جائزہ لے گی اور سفارشات پیش کرے گی۔ یہ کمیٹی آئین، عوامی نمائندگی ایکٹ اور کسی بھی دوسرے قوانین اور قواعد کا جائزہ لے گی اور مخصوص ترامیم کی سفارش کرے گی جو کہ بیک وقت انتخابات کے انعقاد کے لئے ضروری ہوں گی۔