پی ایم کیر فنڈ سے ریاستوں پر عائد ہونے والے اضافی مالی بوجھ کو برداشت کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے ایک ہی ملک میں کورونا ویکسین کی دو قیمتوں پر سخت اعتراض کرتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ کورونا ویکسین تیار کرنے والی ایک کمپنی نے مرکز کو 150 روپئے اور ریاستوں کو 400 روپئے میں ایک ویکسین فروخت کرنے کا اعلان کرنے پر اعتراض کیا ۔ سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ٹوئٹر پر سرگرم رہنے والے کے ٹی آر نے ٹوئٹر پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ون نیشن ، ون ٹیکس کیلئے جی ایس ٹی کو قبول کیا تھا۔ لیکن ابھی ایک ملک اور ایک ٹیکہ کیلئے دو قیمتوں کا رجحان ٹھیک نہیں ہے اس سے ریاستوں پر ٹیکوں کی خریدی کیلئے زائد مالی بوجھ عائد ہوگا۔ انہوں نے زیادہ قیمتیں ادا کرکے ویکسین خریدنے کیلئے ریاستوں پر جو زیادہ مالی بوجھ عائد ہورہا ہے اس کو پی ایم کیر فنڈ سے تمام ریاستوں کے اضافی بوجھ کو برداشت کرنے پر زور دیا۔ سارے ملک میں کورونا بحران پیدا ہوا ہے۔ وزیر اعظم مودی کی جانب سے ریاستوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ کورونا کنٹرول کرنے سخت اقدامات کریں اور ضرورت کے مطابق تحدیدات عائد کریں۔ ملک بھر میں یکم اپریل سے 18 سال عمر مکمل کرنے والوں کو کورونا ویکسین دینے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن ٹیکہ تیار کرنے والی کمپنی نے ایک ہی ملک اور ایک ہی ویکسین کیلئے دو قیمتوں کا اعلان کیا ہے جس پر انہیں سخت اعتراض ہے۔