ایک ٹریلین ڈالر سرمایہ کاری کے حصول کا نشانہ

   

Ferty9 Clinic

سی آئی آئی سرمایہ کاری چوٹی کانفرنس۔ چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد 14 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اعلان کیا کہ آندھرا پردیش سرمایہ کاروں کیلئے ایک مرکزی مقام کی حیثیت حاصل کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں نئی صنعتوں اور پراجیکٹس کے قیام کیلئے اراضیات کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو سی آئی آئی سرمایہ کاری چوٹی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جو وشاکھاپٹنم میں منعقد ہوئی ۔ چندرا بابو نائیڈو نے بتایا کہ آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کو سہل بنانے والی 25 پالیسیاں متعارف کروائی گئی ہیں اور ترقی کیلئے اراضیات مختص کرنے کے معاملہ میں تیزی سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ صرف 17 مہینوں میں آندھرا پردیش میں جملہ 20 بلین ڈالرس کی سرمایہ کاری حاصل ہوئی ہے اور تقریبا 20 لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مستقبل میں آندھرا پردیش جملہ 0.5 ٹریلین کی سرمایہ کاری حاصل کرنے کا خواہاں ہے جس سے روزگار کے 50 لاکھ مواقع دستیاب ہونگے ۔ اس کے علاوہ آئندہ ایک دہے میں ایک ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرنے کا بھی منصوبہ ہے ۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ ریاست میں انفرا اسٹرکچر کے شعبہ میں اصلاحات لائی گئی ہیں اور صنعتی حلقہ کو مراعات دی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ سرمایہ کاروں کیلئے ضمانت بھی دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہندوستان سرمایہ کاری حاصل کرنے کے معاملے میں عالمی لیڈر کے طور پر ابھرے گا اور آندھرا پردیش اس کا باب الداخلہ بن رہا ہے ۔وشاکھاپٹنم کے تعلق سے اظہار خیال کرتے ہوئے مسٹر نائیڈو نے کہا کہ یہ ملک کا سب سے خوبصورت شہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کیلئے نریندر مودی کی مرکزی حکومت سے مکمل مدد مل رہی ہے ۔