ایک پولیس کانسٹبل کو کورونا وائرس مثبت کے بعد کورنٹائن

   

Ferty9 Clinic

مرحلہ وار عہدیداروں کی تشخیص جاری ، وٹامن سی اور ادویات استعمال کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : لاک ڈاؤن انتظامات پر مامور اور کورونا وائرس کی روک تھام میں اہم رول ادا کرنے والی پولیس فورس کو طبی جانچ کا سلسلہ جاری ہے ۔ کوویڈ 19 میں 24 گھنٹے ڈیوٹی پر تعینات پولیس ملازمین کو بھی اس وائرس سے متاثرہ ہونے کا خطرہ محسوس کرتے ہوئے کمشنر پولیس رچہ کنڈہ نے اس اقدام کا آغاز کیا ۔ بالخصوص ڈیوٹی اور چیک پوسٹ پر چوکس پولیس عملہ کی قبل از وقت جانچ کے احکامات دئیے گئے ۔ ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کی جانب سے کئے گئے اس طبی جانچ میں ایک پولیس کانسٹبل کو کورونا مثبت پایا گیا ۔ جس کی کونسلنگ کے بعد اسے ہوم کورنٹائن کردیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپیشل آپریشن ٹیم ، اسپیشل فورس ، آئی ٹی سیل اور پولیس اسٹیشنوں سے وابستہ ملازمین پولیس کی مرحلہ وار جانچ کا آغاز کیا گیا ۔ 10 اپریل سے شروع کئے گئے اس طبی جانچ میں تاحال 1575 پولیس ملازمین کی جانچ مکمل کرلی گئی ۔ جن میں 40 کو مشتبہ قرار دیتے ہوئے ان کے نمونوں کی جانچ کی گئی تاہم صرف ایک کانسٹبل کو جو میڑچل پولیس اسٹیشن سے وابستہ ہے کو پازیٹیو پایا گیا ۔ کمشنر پولیس نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ 48 چیک پوسٹ پر تعینات عملہ کی مرحلہ وار جانچ کی گئی اور اس عملہ کو ڈاکٹروں کی جانب سے وٹامن سی اور زنک کی گولیاں استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا تاکہ جسم کی قوت مدافعت میں اضافہ ہو ۔ پولیس کمشنر کے مطابق 19 پولیس اسٹیشن سے وابستہ تمام فورس کی طبی جانچ کی جائے گی جو خدمات کے ساتھ ساتھ پولیس فورس کے لیے کافی اہمیت کی حامل ہے ۔۔