ممبئی،6 فروری( یو این آئی) انٹر بینکنگ کرنسی مارکیٹ میں جمعہ کو ہندوستانی روپے کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، جہاں ڈالر کے مقابلے میں اس کی قدر 31 پیسے کم ہو گئی۔ کاروبار کے اختتام پر روپیہ 90.65 روپے فی ڈالر پر بند ہوا، جبکہ گزشتہ کاروباری دن یہ 90.34 روپے پر رہا تھا۔ صبح کے وقت روپیہ 6 پیسے کی بہتری کے ساتھ 90.28 پر کھلا اور ایک موقع پر مضبوط ہو کر 90.18 تک پہنچ گیا۔آر بی آئی کی جانب سے مانیٹری پالیسی کے اعلان کے بعد مارکیٹ میں ہلچل مچ گئی اور روپیہ تیزی سے گرتا ہوا 90.83 کی سطح تک جا پہنچا، تاہم اختتام تک یہ معمولی سنبھل کر 90.65 پر بند ہوا۔ مارکیٹ کے دیگر تمام عوامل روپے کے حق میں تھے ، لیکن اس کے باوجود مقامی سطح پر روپے کی قدر برقرار نہ رہ سکی۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نرمی دیکھی گئی۔ دنیا کی بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کا انڈیکس بھی 0.1 فیصد سے زیادہ گرا۔عام طور پر ڈالر کی کمزوری اور تیل کی قیمتوں میں کمی روپے کو مضبوط کرتی ہے ، لیکن ماہرین کا خیال ہے کہ مانیٹری پالیسی کے حوالے سے سرمایہ کاروں کے ردعمل نے روپے پر دباؤ بڑھا دیا۔