چیف منسٹر نیکلس روڈ پر آغاز کریں گے، پہلے مرحلہ میں دیہی علاقوں کی غریب اور مستحق خواتین کا احاطہ
حیدرآباد 18 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ایک کروڑ خواتین میں ایک کروڑ ساڑیوں کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی جینتی کے موقع پر کل 19 نومبر کو چیف منسٹر ریونت ریڈی ساڑیوں کی تقسیم پروگرام کا آغاز کریں گے۔ غریب اور مستحق خواتین کو اندراماں ساڑیوں کی تقسیم کے سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ہر مستحق خاتون کو اندراماں ساڑی کی فراہمی کو یقینی بنانا عہدیداروں کی ذمہ داری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اندراماں ساڑیاں سرسلہ سے تعلق رکھنے والے ہینڈلوم ویورس کی جانب سے تیار کرائی جائیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ تیاری میں تاخیر کی صورت میں تقسیم کا عمل دو مراحل میں انجام دیا جائے۔ پہلے مرحلہ میں دیہی علاقوں میں ساڑیاں تقسیم کی جائیں۔ اندرا گاندھی جینتی سے تقسیم کا آغاز کرتے ہوئے 9 ڈسمبر تک دیہی علاقوں میں تقسیم کا عمل جاری رہے گا۔ 9 ڈسمبر کو تلنگانہ تلی کی تنصیب کا ایک سال مکمل ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ دوسرے مرحلہ کی تقسیم شہری علاقوں میں یکم مارچ تا 8 مارچ انجام دی جائے۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر 8 مارچ کو شہری علاقوں میں تقسیم کا عمل مکمل کیا جانا چاہئے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہاکہ ساڑیوں کی کوالیٹی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے۔ تیاری کے مرحلہ سے تقسیم تک اعلیٰ عہدیداروں کو خصوصی نگرانی کرنی ہوگی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اندرا گاندھی جینتی کے موقع پر چہارشنبہ کو 12 بجے دن نیکلس روڈ پر واقع مجسمہ اندرا گاندھی پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔ اندرا گاندھی کو خراج پیش کرنے کے بعد خواتین میں اندراماں ساڑیوں کی تقسیم کا آغاز ہوگا۔ چیف منسٹر سکریٹریٹ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ دیہی علاقوں کی خواتین سے خطاب کریں گے۔ ضلع کلکٹریٹس میں ریاستی وزراء اور عوامی نمائندے ویڈیو کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ساڑیوں کی تقسیم کے جائزہ اجلاس میں وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا، چیف منسٹر کے سکریٹری مانک راج، پرنسپل سکریٹری ہینڈلوم شلیجا رمیار، پرنسپل سکریٹری این سریدھر اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔1