ریونت ریڈی کی متاثرہ خواتین سے ملاقات، خاطیوں کے خلاف کریمنل کیس درج کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد۔/31 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ابراہیم پٹنم کے سیول ہاسپٹل میں فیملی پلاننگ آپریشن کے دوران 4 خواتین کی موت کیلئے حکومت کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ ایک گھنٹہ میں 34 آپریشن کئے گئے جس کے نتیجہ میں یہ اموات واقع ہوئی ہیں۔ ریونت ریڈی نے اپولو ہاسپٹل پہنچ کر متاثرہ خواتین سے ملاقات کی اور انہیں انصاف دلانے کیلئے جدوجہد کا یقین دلایا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ وزیر صحت ہریش راؤ کو اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فوری استعفی دینا چاہیئے یا پھر چیف منسٹر انہیں کابینہ سے برطرف کردیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے پروگرام میں شرکت کے لئے ڈاکٹرس جارہے تھے اور انہوں نے عجلت میں فیملی پلاننگ آپریشن کئے۔ کئی خواتین اپولو ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں اور حکومت کو اپنے اخراجات پر علاج کا انتظام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں اموات دراصل سرکاری قتل ہیں اور اس سلسلہ میں خاطی عہدیداروں کو معطل کرتے ہوئے حکومت اپنی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتی۔ خاطیوں کے خلاف کریمنل کیس درج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی متاثرین کو انصاف دلانے کیلئے جدوجہد کرے گی اور نیشنل ویمنس کمیشن سے نمائندگی کی جائے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ غریب خاندانوں سے تعلق رکھنے والی 34 خواتین کا ایک گھنٹہ میں آپریشن کیا گیا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کس طرح لاپرواہی کی گئی۔ چیف منسٹر نے ہریش راؤ کو یہ قلمدان دیا لیکن وہ محکمہ صحت میں سدھار لانے میں ناکام رہے۔ سرکاری دواخانوں کی بہتر کارکردگی کا حکومت کی سطح پر دعویٰ کیا جارہا ہے لیکن یہ واقعہ سرکاری دواخانوں کی ابتر صورتحال کی منہ بولتی تصویر ہے۔ ر