ایک گھنٹہ کی طوفانی بارش میں سارا شہر جل تھل

   

حیدرآباد۔8اکٹوبر(سیاست نیوز) جمعہ کی رات شہر میںطوفانی بارش ریکارڈ کی گئی ۔ تیز ہواوں اور بارش نے عوام میں خوف و ہراس پیدا کردیا اور ایک گھنٹہ میں 106 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ چمپا پیٹ میں ایک شخص کے بہہ جانے کے علاوہ کئی علاقو ںمیں مکانات اور تجارتی اداروں میں پانی داخل ہونے کی شکایات ملیں ۔ شدید بارش کی وجہ سے حیدرآباد آنے والی 8 پراوزوں کا رخ موڑ دیا گیا اور انہیں ممبئی ‘ دہلی اور بنگلورو روانہ کردیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ اندرون 30منٹ 106 ملی میٹر بارش سرور نگر میں جبکہ سعید آباد میں 100 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔چارمینار‘ بہادر پورہ‘ بندلہ گوڑہ کے علاوہ دیگر علاقو ںمیں 8 سینٹی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ۔ آئندہ 24 گھنٹوں میںشدید بارش ریکارڈ کی جائیگی۔ بارش سے الجبیل کالونی ‘ حافظ بابا نگر‘ گنگا نگر ‘ کالاپتھر‘ تاڑبن ‘ بھوانی نگر ‘ تالاب کٹہ میں مکانات میں پانی داخل ہوگیا ۔ ملک پیٹ‘ محبوب چوک‘ یوسف گوڑہ و دیگر علاقوں میں تجارتی اداروں میں پانی داخل ہوگیا ۔ شمس آباد‘ موسیٰ پیٹ‘ بالا نگر‘ میڑچل ‘ اپل‘ عنبر پیٹ‘ رنگاریڈی ‘ کتہ پیٹ‘ پدا عنبر پیٹ‘ بالا پور ‘ نارسنگی ‘ اے ایس راؤ نگر‘ سینک پوری و دیگر علاقو ںمیں بھی طوفانی بارش ہوئی ۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور ہنگامی صورتحال میں 100 نمبر پر فون کرکے مدد طلب کریں۔ جی ایچ ایم سی نے ایمرجنسی عملہ کو متحرک کرکے سڑکوں پر جمع پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ۔ مئیر حیدرآباد بتکماں تہوار کے سلسلہ میں چمپا پیٹ آئی تھیں جہاں ان کی گاڑی پانی میں پھنس گئی اور مئیر کو بارش سے تلخ تجربہ ہوا ۔

٭ سرور نگر میں 106 ‘سعید آباد میں 100 ملی میٹر بارش
٭ شہر آنے والی 8 پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا
٭ مئیر حیدرآباد بھی چمپا پیٹ میں پانی میں پھنس گئیں