حیدرآباد۔ ریاست میں گرین انڈیا چیلنج کا بہترین رد عمل مل رہا ہے ۔ اسی سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے گرین انڈیا چیلنج کی جانب سے 24 جولائی کو وزیر صنعت کے ٹی راما راو کی یوم پیدائش کے موقع پر ایک گھنٹے میں تین کروڑ پودے لگانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ گرین انڈیا چیلنج کے بانی و رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار نے آج ایک بروشر جاری کرتے ہوئے یہ بات بتائی اور کہا کہ 24 جولائی کو ساری ریاست میں ایک گھنٹے میں تین کروڑ پودے لگانے کا ایک خصوصی پروگرام منعقد ہوگا ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کے ٹی راما راو نے کہا کہ پارٹی کیڈر کے ساتھ وہ بھی تلنگانہ کی ترقی کیلئے پابند عہد ہیں اور جو راستہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے دکھایا ہے اس پر پیشرفت کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر ماہ فبروری میں بھی اسی طرح بڑے پیمانے پر شجر کاری کی گئی تھی اور اب ان کی یوم پیدائش کے موقع پر بھی وسیع تر شجر کاری کے منصوبے ہیں۔ اس کیلئے پروگرام تیار کرلیا گیا ہے اور دیگر امور کو بھی قطعیت دی جا رہی ہے ۔