ماسکو، 18مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے فوجی حکام نے کہا ہے کہ کم از کم ایک ہزار فوجیوں کی جلد ہی شام سے واپسی ہو گی، اگرچہ اس کے لئے کوئی مقررہ مدت طے نہیں کی گئی ہے ۔ میڈیا نے اتوار کو امریکی حکام کے حوالہ سے یہ اطلاع دی۔صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال دسمبر میں اعلان کیا تھا کہ تقریباً دو ہزار فوجیوں کو واپس بلا لیا جائے گا۔مسٹر ٹرمپ نے کہا تھا کہ شام میں دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ کا تقریبا خاتمہ ہو چکا ہے اس وجہ سے کم از کم دو ہزار امریکی فوجیوں کو وہاں سے ہٹا لیا جائے گا۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے فروری میں کہا تھا کہ امریکہ، شام میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے تقریبا 200 جوانوں کو کچھ وقت کے لئے تعینات رکھے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فوجیوں کی تعداد 400 تک پہنچ جائے گی کیونکہ دو سو فوجیوں کو شمال مشرقی اور 200 کو جنوبی شام میں قائم بیس پر تعینات کیا جانا ہے ۔