من پسند عہدیداروں کا تبادلہ نہ کرنے حکومت کے رویہ پر اعتراض
حیدرآباد۔25اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ میں ایک ہی عہدہ پر برسوں سے خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلہ کے معاملہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے اختیار کردہ موقف کودیکھتے ہوئے یہ کہاجانے لگا ہے کہ ریاستی حکومت اپنے من پسند عہدیداروںکو برسوں سے ایک ہی عہدہ پر رکھے ہوئے ہیں اوران کے تبادلے نہ کئے جانے پر اب تبصرہ کیا جانے لگا ہے۔ آئی اے ایس یا آئی پی ایس عہدیداروں کو تین سال سے زائد ایک ہی عہدہ پر برقرار نہیں رکھا جاتا اور اندرون تین برس ان کے تبادلوں کو یقینی بنایا جاتا ہے لیکن ریاست تلنگانہ میں کئی عہدیدار تشکیل تلنگانہ کے بعد سے ایک ہی عہدہ پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان عہدوں پر برقرار رہتے ہوئے ان کی ترقیات ہونے لگی ہیں ۔ ریاست تلنگانہ میں 47ایسے عہدیدار ہیں جو کہ زائد از 3برس سے ایک ہی عہدہ پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کے تبادلوں کے سلسلہ میں متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کی طویل مدت سے ایک ہی عہدہ پر برقراری کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی نے غیر سرکاری تنظیم کے توسط سے عدالت سے رجو ع ہونے کی منصوبہ بندی کی ہے تاکہ حکومت کے من پسند عہدیداروں کے تبادلوں کو یقینی بنایا جاسکے۔ جی اے ڈی کی جانب سے فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق 13آئی اے ایس عہدیدار ایسے ہیں جو جن کی 2018 کے بعد سے کوئی تبادلہ نہیں ہوا یعنی 2018 اسمبلی انتخابات سے قبل کئے گئے تبادلوں میں ان کو جن عہدوں کی ذمہ داری دی گئی تھی وہ ابھی تک ان ہی عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ریاست تلنگانہ میں سب سے زیادہ طویل مدت سے ایک ہی عہدہ پر محترمہ سمیتا سبھروال خدمات انجام دے رہی ہیں جنہیں 2جون 2014 کو سیکریٹری چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے عہدہ کی ذمہ داری تفویض کی گئی تھی اور اس طرح وہ اب 9 سال سے ایک ہی عہدہ پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔اس کے علاوہ مسٹر جئیش رنجن پرنسپل سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی کی حیثیت سے اس عہدہ پر اپنے 8 سال مکمل کرچکے ہیں۔ پرنسپل سیکریٹری محکمہ فینانس مسٹر کے۔ راما کرشنا راؤ اور چیف راشننگ آفیسر مسزبی بالا مایا دیوی اپنے عہدوں پر 7 سال مکمل کرچکے ہیں اور ان کا اب تک تبادلہ عمل میں نہیں لایا گیا۔اسپیشل چیف سیکریٹری و پرنسپل سیکریٹری وزارت بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار اپنے عہدہ پر 5سال مکمل کرچکے ہیں۔ ریاست میں آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلہ کے معاملہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے اختیار کی جانے والی پالیسی کو مختلف گوشوں سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے ۔م