ایک ہی مقدمہ میں دو مرتبہ کارروائی نہیں ہو سکتی، جرمن عدالت

   

برلن : وفاقی جرمن آئینی عدالت نے نئے شواہد کی بنیاد پر کسی ملزم کے خلاف مقدمہ کی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کی قانونی ترمیم مسترد کر دی۔ اس عدالتی فیصلے نے ملزمان کے خلاف مقدمات میں دوبارہ کارروائی کے عمل کو مشکل بنا دیا ہے۔ جرمنی کی آئینی عدالت نے اپنے ایک فیصلے میں قرار دیا ہے کہ کسی بھی شخص کے خلاف ایک ہی مقدمہ میں دو مرتبہ کارروائی نہیں کی جا سکتی۔ عدالت نے اپنے حکم میں واضح کیا کہ اگر کوئی شخص ایک مقدمے میں سزا یافتہ ہو یا اسے بری کر دیا گیا ہو، تو قانونی طور پر محض نئے شواہد کی بنیاد پر اس کے خلاف دوبارہ مقدمہ نہیں چلایا جا سکتا۔ اس اعلیٰ ترین جرمن عدالت نے حکومت کی طرف سے کی گئی عدالتی اصلاحات میں سے ایک کو مسترد کرتے ہوئے حال ہی میں اپنا یہ فیصلہ شہر کارلسروہے میں سنایا۔ عدالت نے 2021ء کے آخر میں نافذ ہونے والی ضابطہ فوجداری کی اس عدالتی اصلاح کو غیر آئینی اور کالعدم قرار دے دیا۔

روس اور میانمار مشترکہ بحری مشقیں کریں گے
ماسکو: روسی بحریہ کے کمانڈر انچیف ایڈمرل نکولائی یومینوف روس میانمار مشترکہ بحری مشق کے افتتاح میں شرکت کیلئے میانمار پہنچ گئے ہیں۔ یہ اطلاع روسی وزارت دفاع کی طرف سے ہفتہ کے روز جاری کردہ ایک بیان میں دی گئی۔ وزارت نے کہا کہ روسی بحریہ کے کمانڈر انچیف ایڈمرل نکولائی یومینوف کا جمہوریہ یونین آف میانمار کا دورہ شروع ہو گیا ہے ۔ اس سفر کے پروگرام میں میانمار کی قیادت، بحری افواج کی کمان کے ساتھ کئی ملاقاتیں اور جدید تاریخ کی پہلی روسی۔میانمار بحری مشقوں کی افتتاحی تقریب، مشقیں اور جنگی جہازوں کا دورہ شامل ہے ۔