ایک ہی منڈپ اور ایک ہی پنڈت کے منتروں کے درمیان ، میں نوجوان نے رچائی دو بہنوں سے شادی

   

عادل آباد :۔ تلنگانہ کے متحدہ ضلع عادل آبادکے ایک موضع میں آج ایک عجیب و غریب شادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایک نوجوان نے ایک ہی منڈپ میں اور ایک ہی پنڈت کے منتروں کے درمیان ایک ہی گھر کی دو بہنوں کیساتھ جن سے اس نے پیار کیا تھا سات پھیرے لیتے ہوئے اپنے والدین، رشتہ داروں اور مدعوئین کی موجودگی میں دو بہنوں سے شادی کرلی۔جبکہ موجودہ حالات،بیروزگاری اور ذرائع آمدنی کو دیکھتے ہوئے ایک شادی کرنا ہی نوجوانوں کیلئے کسی چوٹی کو سر کر نے سے کم نہیں ہے!اوٹکور منڈل کے موضع گھناپور میں انجام پائی اس انوکھی شادی کی تفصیلات کے مطابق موضع کے ساکن نوجوان ارجن ٹیچرس ٹریننگ کی تکمیل کے بعد اپنے والد کیساتھ زرعی کاموں میں ہاتھ بٹایا کرتا ہے۔تین سال قبل اس کی پھوپی کی دونوں لڑکیوں اوشا رانی اور سوریہ کلا سے محبت کرنے لگا تاہم اس راز کو ارجن نے دونوں بہنوں پر کبھی آشکار نہیں ہونے دیا اور یہ عشق و محبت کا جنون تین سال تک چلتا رہا۔اسی دوران ارجن کے والدین اس کی شادی کے لیے کوششوں میں مصروف ہوگئے تو اس نے اپنے والدین اوردونوں لڑکیوں کی ماں اپنی پھوپی کو بتایا کہ وہ ان دونوں بہنوں سے پیار کرتا ہے اور دونوں بہنوں سے ایک ساتھ شادی کرنا چاہتا ہے۔ دونوں خاندانوں کو اس خواہش پر حیرت ہوئی تاہم انہوں نے اس معاملہ کو موضع کے بزرگوں اور ذمہ داروں سے رجوع کیا جس انہوں نے دونوں بہنوں کے ساتھ شادی کی اجازت دے دی۔جس کے بعد 14 جون کو ارجن کے مکان واقع گھناپور میں سب کی موجودگی میں ارجن نے دونوں بہنوں اوشارانی اور سوریہ کلا سے ایک ہی منڈپ میں اور ایک منتروں کے درمیان آدیواسیوں کے رسم و رواج کے تحت سات پھیرے لیے۔ ہندومذہب میں یہ عقیدہ ہے کہ شادی سات جنموں کا بندھن ہوتا ہے اب ارجن نے یہاں ایک ساتھ دو شادیاں کی ہیں۔