مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے غزہ میں ایک پیچیدہ آپریشن کے بعد ایک اسرائیلی یرغمال کو بازیاب کرالیا۔ فوج نے ایک بیان میں کہا کہ 52 سالہ اسرائیلی بدو، قائد القاضی کو فلسطینی عسکریت پسندوں نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے کے دوران اغوا کیا تھا۔یہ بازیابی ایسے میں ہوئی ہے جب کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ اب اپنے 11 ویں ماہ میں ہے اور اس کے خاتمے کے کوئی آثار نہیں دکھائی دے رہے۔فوج نے کہا کہ القاضی کو غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے میں ایک پیچیدہ آپریشن میں رہا کرایا گیا۔ان کی صحت ٹھیک ٹھاک ہے اورانہیں میڈیکل چیک اپ کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ القاضی بنیادی طور پر عرب قصبے راحت کے رہائشی ہیں اور 7 اکتوبر کو جب انہیں عسکریت پسندوں نے پکڑا تو وہ اس وقت جنوبی اسرائیل میں ایک گودام میں گارڈ کے طور پر کام کر رہے تھے۔