ای ایس آئی میڈیکل انشورنس اسکام میں مزید 6 افراد گرفتار

   

سرکاری ڈسپنسریز سے خانگی دواخانوں کو ادویات کی فروخت کا انکشاف
حیدرآباد ۔ 11 اکٹوبر ۔ ( سیاست نیوز) ای ایس آئی میڈیکل انشورنس اسکام میں اے سی بی عہدیداروں کی پیشرفت جاری ہے ۔ تحقیقات کے دوران اے سی بی کے عہدیدار خود حیران ہوگئے ۔ سرکاری ڈسپنسریز کے ذریعہ خانگی ہاسپٹلوں کو ادویات کی فروخت کا ایک نیا پہلو سامنے آیا ہے ۔ اس اسکام میں اے سی بی کے عہدیداروں نے تازہ کارروائی میں تیجا فارما کے ایم ڈی راجیشور ریڈی ، چرلہ پلی فارماسسٹ لاونیا اور ورنگل جوائنٹ ڈائرکٹر دفتر کے ملازم جو آوٹ سورسینگ پر فائز باشاہ کو گرفتار کرلیا ۔ ان عہدیداروں پر ای ایس آئی کی ادویات کو خانگی دواخانوں میں منتقل کرنے کے الزامات پائے جاتے ہیں اور اس سلسلہ میں اے سی بی عہدیداروں کو ٹھوس ثبوت دستیاب ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اے سی بی نے مزید 6 افراد کو حراست میں لے لیا ہے ۔اور پٹن چیرو ، چیرلہ پلی ، ونستھلی پورم ، آر سی پورم ڈسپنسری میں ادویات کی فروخت میں دھاندلیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ اور ای ایس آئی کی ادویات خانگی دواخانوں کو منتقل کی گئیں ۔ اے سی بی ایسے خانگی دواخانوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کی تیاری کررہی ہے ۔