ای ایس آئی ہاسپٹل میں کورونا کے علاج کیلئے ہائی کورٹ کی ہدایت

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ ای ایس آئی ہاسپٹلس میں کورونا کے مریضوں کے ٹسٹ اور علاج کے اقدامات کریں۔ حکومت نے عدالت کو بتایا کہ حیدرآباد میں دو ای ایس آئی ہاسپٹلس ہیں اور ان میں آکسیجن اور وینٹی لیٹر کے ساتھ بستروں کی کمی ہے۔ حکومت نے بتایا کہ یہ ہاسپٹلس مرکزی کارپوریشن کے تحت ہیں، لہذا ریاستی حکومت کا ان پر کوئی کنٹرول نہیں۔ مفاد عامہ کے تحت دائر کی گئی درخواست پر بحث کرتے ہوئے سینئر کونسل وی ناگراج نے عدالت پر زور دیا کہ وہ حکومت کو ای ایس آئی ہاسپٹلس میں علاج کے انتظامات کی ہدایت دے کیونکہ ان ہاسپٹلس میں بستروںکی تعداد زیادہ ہے۔ ای ایس آئی کے وکیل بی جی رویندر ریڈی اجلاس پر ای ایس آئی ہاسپٹل صنعت نگر کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کے کے پال کے ساتھ پہنچے اور بتایا کہ آکسیجن سہولت کے ساتھ سینکڑوں بستر موجود ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مرکز کی جانب سے صنعت نگر کا ہاسپٹل چلایا جاتا ہے جبکہ ناچارم میں واقع ہاسپٹل ریاستی حکومت کے تحت ہے۔ چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان اور جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے حکومت کو ہدایت دی کہ دونوں ای ایس آئی ہاسپٹلس میں کورونا کے علاج کے انتظامات کریں۔