ای این ٹی دواخانے میں آپریشن کیلئے دس ماہ طویل انتظار

,

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔24 جولائی (سیاست نیوز) کوٹھی میں موجود گورنمنٹ ای این ٹی ہاسپٹل جہاں ہر ہفتے تقریباً 250 تا 270 مریضوں کا آپریشن کیا جاتا ہے لیکن دوا خانے میں بہتر تعداد میں آپریشن تھیٹرز نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو آپریشن کے لئے اپنی باری کا انتظار کرنے کے لیے 10 ماہ کا طویل انتظار بھی کرنا پڑ رہا ہے۔دواخانے کے عملہ نے اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اپنے آپریشن کے لیے کئی مہینوں کا انتظار اس لیے کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ دوا خانے میں وافر مقدار میں آپریشن تھیٹرز نہیں ہیں۔دوا خانے میں ٹوکن سسٹم موجود ہے ۔ آپریشن کے لئے اس وقت جو فہرست تیار ہے اس میں 700 مریضوں کے نام درج ہیں جبکہ انہیں اپنی باری کیلئے طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے ۔ ای این ٹی ہاسپٹل جس نے بہتر علاج کے معیار کی وجہ سے حالیہ برسوں میں کافی شہرت حاصل کی ہے جس کی وجہ سے اس سرکاری دواخانہ میں غریب عوام ہی نہیں بلکہ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی علاج کے لئے رجوع ہوتے ہیں۔ دواخانے کے آؤٹ پیشنٹ شعبہ میں روزانہ 1800 تا 2000 مریض اپنے علاج کے لئے رجوع ہوتے ہیں جس میں حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے دیگر اضلاع اور پڑوسی ریاستوں کرناٹک اور مہاراشٹر سے بھی مریضوں آتے ہیں۔ آوٹ پیشنٹ شعبے میں مریضوں کی قطار صبح 8 بجے سے ہی لگ جاتی ہے۔ قطار میں طویل انتظار کے بعد جب مریض ڈاکٹر سے معائنہ کرواتے ہیں تو ڈاکٹر انہیں جو دوا تجویز کرتے ہیں ان ادویات کے حصول کے لیے ایک اورطویل قطار میں انہیں تقریبا گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ انتظار کرنا پڑتا ہے۔ ای این ٹی ہاسپٹل میں گونگے اور بہرے بچوں کا جو آپریشن کیا جاتا ہے اس کا خانگی دواخانہ میں خرچ تقریبا تین تا چار لاکھ روپے ہوتا ہے لیکن اس دوا خانے میں آروگیہ شری کے تحت یہ آپریشن مفت میں کیا جاتا ہے اس کے علاوہ دیگر اور بھی علاج مفت ہی انجام دیے جاتے ہیں۔ عوام کی جانب سے طویل قطاروں کی جہاں ایک جانب شکایت اور آپریشن کے لیے طویل انتظار پر بیزارگی ظاہر کی جا رہی ہے تو دوسری جانب دواخانے کے سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر ٹی شنکر نے طویل انتظار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دوا خانے میں فی الحال صرف پانچ آپریشن تھیٹرز موجود ہیں جبکہ گزشتہ چھ ماہ سے مزید 5 آپریشن تھیٹرز کی تعمیر ہو رہی ہے جس کے کارکرد ہونے کے بعد دواخانے میں روزانہ100 سے زائد آپریشن کرنا یقینی ہو جائے گا اور اس طرح ہفتے میں 700 تا 800 آپریشنز کی طمانیت بھی دی جاسکتی ہے۔